دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس اور ان کی اہلیہ میں علیحدگی

فوٹو: فائل


دنیا کے امیر ترین شخص، آن لائن خریداری کی ویب سائٹ ایمزون ڈاٹ کام کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو جیف بیزوس اور اُن کے اہلیہ میک کینزی بیزوس کے درمیان علیحدگی ہو گئی۔

54 سالہ جیف بیزوس اور اور اُن کی 48 سالہ میک کینزی کے درمیان شادی کے 25 سال بعد علیحدگی ہو گئی ہے جس کا باقاعدہ اعلان دونوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔

جیف بیزوس نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ میک کینزی سے میری ملاقات نیویارک کی ایک کمپنی میں ہوئی تھی جہاں ہم کام کرتے تھے اور پھر ہم نے شادی کا فیصلہ کیا۔ شادی کے بعد ہم نیویارک سے سیٹیل منتقل ہو گئے تھے اور وہاں میں نے ایمیزون کمپنی کا آغاز کیا۔

جیف بیزون نے میک کینزی کو کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ میری اہلیہ نے میرا بہت ساتھ دیا جب ہم نیو یارک منتقل ہوئے اور پھر ایک آن لائن بک سیلر دنیا کا سب سے بڑا آن لائن اشیا فروخت کرنے والا شخص بن گیا۔

انہوں نے کہا کہ میک کینزی جو اب ایک ناول نگار ہیں انہوں نے 1994 میں بننے والے ایمیزون کمپنی کے لیے پہلے سال اکاؤنٹنگ کا کام کیا تھا۔

دونوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم دونوں نے کافی عرصہ علیحدہ رہنے کے بعد باہمی رضا مندی سے طلاق کا فیصلہ کیا ہے تاہم ہم طلاق کے بعد بھی ایک اچھے دوست رہیں گے۔

دونوں کی طلاق پر ایک تجزیہ کار نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی طلاق سے ایمیزون کمپنی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ کا قانون ہے کہ شادی کے بعد کمائی گئی ہر چیز میاں بیوی میں طلاق کے بعد آدھی آدھی تقسیم ہوتی ہے۔ ایمزون کمپنی میں 16 فیصد حصص کے مالک جیف بیزوس ہیں اور ان کے دولت کا تخمینہ تقریباً 137 ارب ڈالر ہے اور طلاق کے بعد میک کینزی کے حصہ میں 66 ارب ڈالر آئیں گے۔ جس کے بعد یہ طلاق دنیا کی مہنگی ترین طلاق ہو سکتی ہے

گزشتہ سال اس جوڑے نے 2 ارب ڈالرز کے فنڈ کے قیام کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد بے گھر خاندانوں کی مدد کرنا جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے بچوں کی تعلیم کے لیے ایک نیٹ ورک بھی تشکیل دینا تھا۔


متعلقہ خبریں