اعظم سواتی کا استعفیٰ منظور، نوٹیفیکیشن جاری

اعظم خان سواتی۔ فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اعظم خان سواتی کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا ہے، کابینہ ڈویژن کی جانب سے ان کے استعفے کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق اعظم سواتی نے چھ دسمبر 2018 کو وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیرکے عہدے سے اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا جبکہ اس کی منظوری کا نوٹیفکیشن ایک ماہ 3 روز بعد جاری کیا گیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ صدر مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر اعظم سواتی کا استعفیٰ منظور کیا ہے۔

واضح رہے کہ اعظم سواتی پرجوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی جانب سے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر نے غریبوں کے خلاف مقدمہ درج کراتے ہوئے طاقت کا نا جائز استعمال کیا۔

جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی جس کے بعد تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، اعظم سواتی نے اس حوالے سے عدالت میں معافی نامہ بھی جمع کرایا جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم  تشکیل دی تھی۔


متعلقہ خبریں