گیس بحران، وزیر اعلیٰ سندھ کا سی سی آئی اجلاس بلانے کا مطالبہ

فوٹو: فائل


کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ میں گیس بحران پر وفاق سے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

سندھ میں گیس کے بحران پر سندھ اسمبلی میں بھی خوب شور مچا۔ پیپلزپارٹی کے جیالوں نے وفاق کو آڑھے ہاتھوں لیا تو کھلاڑی بھی چپ نہیں رہے۔

سندھ کے مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ لوگوں کو سندھ حکومت کھٹکتی ہے جب کہ سندھ کے مسائل وفاق کی مدد کے بغیر حل نہیں ہوں گے۔

سید مراد علی شاہ نے گیس بحران پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے وفاق کو خط لکھنے کا بھی اعلان کیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے رہنما حلیم عادل شیخ نے سوال اٹھایا کہ سندھ کو ملنے والی گیس رائلٹی کی رقم کہاں خرچ کی گئی ہے ؟ اس پر بھی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) بننی چاہیے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے بھی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی تقسیم کا فیصلہ صوبہ خود طے کرے اس نے کتنی گیس استعمال کرنی ہے اور کتنی دوسروں کو دینی ہے۔

ایم کیو ایم رہنما نے گیس بحران کا مسئلہ حل نہ ہونے پر سوئی سدرن گیس کے دفتر کے باہر دھرنے کا بھی اعلان کر دیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مذمتی قرار داد بھی پیش کی گئی جسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔


متعلقہ خبریں