تحریک انصاف کے غیرقانونی اکاؤنٹس، اسٹیٹ بینک کا تردیدی بیان جاری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے  تحریک انصاف کے جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق الیکشن کمیشن کو بھیجی گئی رپورٹ کے حوالے سے تردیدی بیان جاری کر دیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ بینک اکاؤنٹس کی کوئی رپورٹ الیکشن کمیشن کونہیں بھیجی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہر بینک انفرادی طورپرمطلوبہ معلومات دینے کا پابند ہے، بینک الیکشن کمیشن کو معلومات خود فراہم کرتے ہیں۔

تحریک انصاف کے جعلی اکاؤنٹس سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ غیرقانونی یاغیرظاہرشدہ اکاؤنٹس سے متعلق شائع رپورٹ غلط ہے۔

واضح رہے آج معروف مقامی اخبار میں شائع ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسٹیٹ بینک نے تحریک انصاف ملک بھر میں  18 غیرقانونی اکاؤنٹس استعمال کر رہی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکمران جماعت کے ملک کے مختلف شہروں میں کل 26 بینک اکاؤنٹس ہیں لیکن الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی معلومات میں صرف 8 کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے دیگر 18بینک اکاؤنٹس جعلی یا غیر قانونی اکاؤنٹس کے زمرے میں آتے ہیں کیونکہ انہیں الیکشن کمشین آف پاکستان میں جمع کروائی گئی سالانہ آڈٹ رپورٹ میں ظاہر نہیں کیا گیا۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون مرتضیٰ وہاب نے تحریک انصاف کے اکاؤنٹس سے متعلق سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ پرجے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کا جائزہ لے کر سینیٹ اورقومی اسمبلی میں معاملے کو اٹھایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں