ملک کے مختلف علاقوں میں برفباری اور بارش


اسلام آباد: ملکہ کوہسار مری اور گرد و نواح میں ہلکی برفباری شروع ہوگئی ہے جس کی وجہ سے پہاڑی سلسلے نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ تاحد نگاہ تک پھیلی ہوئی برف کی سفید چادر سیاحوں کو پوری طرح لبھارہے ہیں اور وہ بھی موسم کی سختی کو نظرانداز کرتے ہوئے پوری طرح انجوائے کررہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق مری میں موسم انتہائی سرد ہوگیا ہے اور درجہ حرارت منفی تین ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی صبح سے بادلوں کا ڈیرہ ہے، تیز ٹھندی ہواؤں کا بسیرا ہے اور شام کو ہونے والی  ہلکی پھلکی بوندا باندی نے موسم مزید سرد کردیا ہے۔

ہلکی پھلکی برفباری سے سیاحوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں اور مال روڈ پر ان کا رش لگ گیا ہے۔ سخت سردی کے باوجود خوش دکھائی دینے والے سیاح سیلفیاں بنانے اپنے اپنے کمروں سے نکل آئے ہیں اور موسم سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ضلع شگر اور گرد و نواح میں ہونے والے تیز برفباری نے مکینوں کو گھروں اور کمروں تک محدود کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق موسم انتہائی سرد ہوگیا ہے اور لوگ سردی سے بچاؤ کی تدبیر کررہے ہیں۔

اورکزئی سمیت گرد و نواح میں گزشتہ دو ماہ سے جاری خشک سالی کے بعد آسمان پر بادلوں کا راج دیکھ کر علاقہ مکین خوشی سے جھوم اٹھے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق اورکزئی کے مختلف اضلاع میں برفباری اور بارش کی وجہ سے سردی کی شدت میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔

کلایہ اور ڈبوری سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے خشک سردی کی لہر دم توڑ گئی ہے۔

اورکزئی کے مکینوں کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی نہ صرف گیس غائب ہوگئی ہے بلکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی بے قابو ہوکر18 گھنٹے پر محیط ہوگئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز پیشن گوئی کی تھی کہ مغربی ہواؤں کی وجہ سے جمعہ تا ہفتہ کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں برفباری کا امکان ہے جب کہ ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور، ساہیوال اور سکھر ڈویژنوں بارش کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔

محکمہ موسمیات کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ کراچی سمیت اندرون سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش بھی ہوسکتی ہے۔

ہنزہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق برفباری کا سلسلہ دوسرے دن بھی وقفے وقفے سے جاری ہے اور اب تک چھ انچ برف ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق بگروٹ میں بھی برف پڑنے سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔


متعلقہ خبریں