پی ٹی آئی کے اکاؤٹنس، اپوزیشن کا نوٹس کا مطالبہ


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف کے نئے 26 اکاؤنٹس سامنے آنے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور پی ٹی آئی کو جے آئی ٹی بنوانے کا مشورہ دے دیا۔

ہم نیوز کے پروگرام “نیوزلائن” میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حیدر زمان قریشی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو اپنے اکاؤنٹس سے متعلق جواب دینا چاہیے، اگر ان کے پاس جواب نہیں ہے تو سپریم کورٹ اور نیب اس کا نوٹس لیں، یہ اہم قومی معاملہ ہے۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ اس کیس میں تحریک انصاف نے ثبوت جمع کرانے ہیں، انہوں نے ہی یہ تفصیلات جمع کرائی تھیں جو اب الیکشن کمیشن میں جا کر غلط ثابت ہوئیں اور 26 بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں تو تحریک انصاف جے آئی ٹی بنوا لے۔

یہ کیس سپریم کورٹ کا نہیں ہے،حیدر زمان 

حیدر زمان قریشی نے کہا کہ خرم شیرزمان نے الیکشن کمیشن میں ایک خط داخل کرنے کی کوشش کی جس کے مسترد ہونے کے ڈرسے انہوں نے واپس لی ہے۔ یہ کیس سپریم کورٹ کا نہیں ہے۔

تحریک انصاف یہ کیس ہار گئی تو شاید پارٹی کا نام ہی تبدیل کرنا پڑے،رانا افضل

پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا افضل نے کہا کہ یہ کسی ایک فرد کا نہیں بلکہ پارٹی کا کیس ہے، اگر تحریک انصاف یہ کیس ہار گئی تو شاید پارٹی کا نام ہی تبدیل کرنا پڑے گا۔ چیف جسٹس ماضی میں سوموٹو لیتے رہےاب اس معاملے کا نوٹس لے کر بھی جے آئی ٹی بنا دیں۔

عمران خان پر کبھی کرپشن کا الزام نہیں لگا،شوکت بسرا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا کا کہنا تھا کہ ان کے دورحکومت میں یہ کیسز آئے، اکبر ایس بابر نے کیس اسی دور میں کیا، اگران کے پاس ثبوت موجود ہیں تو اداروں سے رجوع کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس منی ٹریل نہیں ہے تو اپوزیشن اس کے خلاف عدالت کیوں نہیں جاتی۔ عمران خان پر کبھی بددیانتی اور کرپشن کا الزام نہیں لگا۔ اکبرایس بابر کے پاس کوئی ثبوت نہیں، اگر ہم اداروں پر دباؤ ڈالتے تو اسٹیٹ بینک سے اکاؤنٹس سامنے نہ آتے۔

ان کا کہنا تھا کہ رانا افضل آصف زرداری کی نااہلی سے متعلق معاملہ الیکشن کمیشن کا ہے۔ تحریک انصاف نے واپس لینے کی کوئی وجہ نہیں بتائی جس سے لگتا ہے کہ معاملہ مشکوک ہے۔

شوکت بسرا نے کہا کہ آصف زرداری کے اثاثوں سے متعلق تحریک انصاف کو ناقابل تردید ثبوت ملے ہیں، اسی بنیاد پر سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔


متعلقہ خبریں