کسی کو این آر او نہیں دے سکتے، ہمایوں اختر


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ حکومت کسی کو این آراو نہیں دے سکتی۔ یہ بات کہہ کرہمایوں اخترنے مسلم لیگ (ن) اورپاکستان پیپلزپارٹی کے موقف کی بھی تائید کردی۔

ہم نیوز کے پروگرام “ندیم ملک لائیو” میں میزبان ندیم ملک سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے پاس کسی کو این آراو دینے کا اختیار نہیں۔ اگر کوئی ڈیل مانگ رہا ہے تو میرے علم میں نہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما محمدزبیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے کوئی بات چیت نہیں چل رہی، حکومت کچھ دینے کی پوزیشن میں ہی نہیں ہے تو ہم ان سے کیوں بات کریں۔ وزیراعظم کے پاس بھی تمام اختیارات نہیں ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اخترخان نے کہا کہ ہماری حکومت کی ترجیح ہے کہ معیشت کی بنیادیں درست کریں۔ ماضی کی حکومتوں کے اثرات نئی حکومت پر پڑتے ہیں اورمعیشت نیچے چلی جاتی ہے۔ ملک میں قرضے کا اضافہ ہوا ہے۔

حکومت کے پاس این آر او دینے کا اختیار ہی نہیں،شہلا رضا

پیپلزپارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا کہ حکومت کے پاس این آر او دینے کا اختیار ہی نہیں ہے، کیا ملک میں اب بھی یہی ہورہا ہے کہ ایک شخص کے اشارے پر سب کچھ ہورہا ہے، ماضی میں  این آر اوملک میں نئے راستے کے لیے کیا تھا۔

شہلارضا نے کہا کہ اکبر ایس بابر کے خلاف کیس میں تحریک انصاف نے نو وکیل بدلے ہیں۔ پہلے احتساب کے لیے خود کو پیش کرتے تھے اور اب پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ  قرضوں کی صورتحال خوفناک حد تک چلی گئی ہے، حکومت کی کوئی معاشی پالیسی نہیں ہے۔

معاشی معاملات پر عمران خان کی گرفت نہیں ہے،محمد زبیر

پروگرام میں موجود سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ معاشی معاملات پر عمران خان کی گرفت نہیں ہے۔ ملک میں معاشی سرگرمیاں بہت نیچے چلی گئی ہیں۔ روپے کی قدرمیں کمی کا زرمبادلہ کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔انہوں نے جن اقدامات کا وعدہ کیا تھا وہ ترجیحات نظر نہیں آئیں، حکومتی ٹیم معیشت کو نہیں سدھارسکی ہے۔

ای سی ایل میں نام ڈالنے کا اختیار حکومت کا ہے،عارف چوہدری

پروگرام میں بات کرتے ہوئے ماہرقانون عارف چوہدری نے کہا کہ ای سی ایل میں نام ڈالنے کا اختیار حکومت کا ہے لیکن یہ معاملہ شفاف ہونا چاہیے۔ جے آئی ٹی رپورٹ ہی سب کچھ نہیں ہے۔  ملک میں معاشی اصلاحات نظر نہیں آرہیں، لوگ چاہتے ہیں کہ حکومت کرپشن کیخلاف نعرے کے ساتھ کام بھی کرے۔

ہمارے گیارہ اکاونٹس ہیں جن کی تفصیلات الیکشن کمیشن کے پاس جمع ہیں،اظہرفاروق

تحریک انصاف کے مرکزی فنانس سیکرٹری اظہرفاروق نے اکاؤنٹس کے معاملے پروضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گیارہ اکاونٹس ہیں جن کی تفصیلات الیکشن کمیشن کے پاس جمع ہیں۔ جو اکاونٹ بند ہوچکے ہیں ان کو بھی ساتھ ملایا گیا ہے۔ اگر کوئی انفرادی اکاؤنٹ کھولا گیا ہے تو پارٹی اس پر کارروائی کرے گی۔


متعلقہ خبریں