امریکہ: جدید ٹیکنالوجی کی حامل مصنوعات سے سجا بڑامیلہ


لاس ویگاس: اگر آپ اپنے خاندان کے بزرگوں کی طرف سے اس لیے فکر مند رہتے ہیں کہ ان کی یاد داشت کمزور ہے اور انہیں وقت پہ دوا کھانا یاد نہیں رہتا ہے تو اب پریشان ہونے کی قطعی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ادویات کے اوقات بتانے والا ’پلو‘ نامی روبوٹ مارکیٹ میں آگیا ہے۔

جی ہاں! اس روبوٹ کی نمائش امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں منعقدہ ’سی ای ایس‘ ٹیکنالوجی کے میلے میں کی جارہی ہے جہاں نت نئی ٹیکنالوجی کی حامل الیکٹرانک اشیا دیکھنے والوں کا بے پناہ رش لگا ہوا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کی حامل مصنوعات سے سجے اس میلے کو دینا کا سب سے بڑا ’کنزیومر الیکٹرانکس میلہ‘ قرار دیا جاتا ہے۔

سالانہ بنیادوں پر منعقد ہونے والے اس میلے میں امریکہ سمیت دنیا کے دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والی 100 سے زائد کمپنیوں نے اپنی مصنوعات متعارف کرائی ہیں۔

’پلو‘ کو متعارف کرانے والوں کا کہنا ہے کہ یہ روبوٹ نا صرف مریضوں کو ادویات وقت پر لینے کی یاد دہانی کراتا ہے بلکہ اس میں یہ صلاحیت بھی ہے کہ ڈاکٹر کی اپائنمنٹ سمیت دیگر تمام ضروری اور کام کی باتیں بھی مریض کو بروقت یاد کرادیتا ہے۔

ہم نیوز نے لاس ویگاس سے اپنے ناظرین کو بتایا ہے کہ اس عالمی میلے میں ایک ایسا آلہ متعارف کرایا گیا ہے جو انسانی سانس میں موجود گیسوں کا تجزیہ کرکے نظام ہضم میں موجود خرابیوں کی نہ صرف نشاندہی کرتا ہے بلکہ خوراک میں درکار تبدیلیاں بھی تجویز کردیتا ہے۔

سی ای ایس ٹیکنالوجی میلے میں اس آلے کو لانے والوں کا دعویٰ ہے کہ یہ آلہ جب منہ کے ذریعے خارج ہونے والی گیسوں کا تجزیہ کرتا ہے تو انسانوں کو غذائیت بہتر بنانے کے سلسلے میں رہنمائی بھی فراہم کرتا ہے جو یقیقناً میڈیکل سائنس میں ایک خوشگوار تجربہ ہی گردانا جائے گا۔

میڈیکل سائنس میں ایک نئی جہت متعارف کرانے والا یہ آلہ ایک ایپ کے ذریعے اسمارٹ فون سے منسلک ہوکر نظام ہضم کی مکمل معلومات بھی فراہم کرنے کی صلاحیت کا حامل قرار دیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق الیکٹرانک کی دنیا میں بہترین ساکھ کا حامل سمجھا جانے والا برانڈ ’سونک‘ میلے میں ایسا ٹوتھ برش لایا ہے جو صرف دس سیکنڈ میں دانتوں کو چمکا دیتا ہے۔

سونک کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ ’وائے برش‘ نامی آلہ انسانی جبڑے کی شکل کا ہے اور منہ میں لگاتے ہی شعاعوں کے ذریعے دانتوں کی صفائی کرکے انہیں چمکدار بنا دیتا ہے۔

لاس ویگاس میں سجے اس میلے میں ان افراد کے لیے بھی خوشخبری ہے جو لانگ ڈرائیو کا شوق رکھتے ہیں اور دوران سفر کافی یا چائے کی چسکیاں لینا پسند کرتے ہیں مگر بسا اوقات پانی کی عدم دستیابی کے باعث اس ’تفریح‘ سے محروم رہ جاتے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق کافی و چائے کے شوقین افراد اور عادی مسافروں کی سہولت کے لیے ڈیزائن کردہ نئی کار میں ایسا خود کار نظام (سسٹم) نصب کیا گیا ہے جو ہوا سے نمی جذب کر کے اسے پانی میں تبدیل کردیتا ہے۔

پانی ملتے ہی مسافروں کو پیغام مل جاتا ہے کہ وہ اپنے ذوق و شوق کے مطابق کافی یا چائے تیار کرکے سفر کی تھکن اتار لیں اورباقی ماندہ راستہ انجوائے کرتے ہوئے گزاریں۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ’سی ای ایس‘ نمائش میں فلائنگ ٹیکسی، ہائی ٹیک مرر، اسمارٹ رنگ ڈور بیل، اسمارٹ کیڑے نما کار، الیکٹرک بائیک، فولڈ میٹ لانڈری روبوٹ، اسمارٹ لائٹ بارز، پنچنگ بیگز، کسٹمر سروس روبوٹ اور اسپیس ٹرانسپورٹیشن سسٹم سمیت دیگر اقسام کے روبوٹس و مشینیں متعارف کرائی گئی ہیں۔

اس نمائش کی خاص بات یہ ہے کہ جتنی الیکٹرانک مصنوعات بھی متعارف کرائی گئی ہیں وہ سب انسان دوست ہیں اور مددگارکے طورپر پیش کی گئی ہیں۔

’سی ای ایس‘ نمائش گیارہ جنوری تک جاری رہے گی۔ اس دوران مختلف قسم کی تقاریب بھی منعقد کی جائیں گی۔

 


متعلقہ خبریں