ملک دیوالیہ ہونے کا خطرہ نہیں، اسد عمر


اسلام آباد: وزیر خزانہ اسد عمر کہتے ہیں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ، اگر آئی ایم ایف پیکج نہ بھی ملا تو متبادل انتظام موجود ہے۔

اسلام آباد میں وزیر خزانہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے اہم فیصلے کر رہے ہیں ادائیگیوں اور زرمبادلہ کے ذخائر کے درمیان فرق پر قابو پالیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کوئی غیرمعاشی شرط نہیں لگائی۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی و گیس کی قیمتیں امیروں کے لیے بڑھائی گئیں۔

اسد عمر نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے قرض پر کوئی شرائط نہیں ہیں۔

واضح رہے کچھ روز قبل یہ بات سامنے آئی تھی کہ پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) کے درمیان بیل آؤٹ پیکج کے لیے چار میں سے دو بڑے مطالبات پر اتفاق ہو گیا ہے اور پاکستان کو اب آئی ایم ایف کے جواب کا انتظار ہے۔

ذرائع نے خبر دی تھی کہ آئی ایم ایف نے روپے کی قدر کے تعین کے لیے پاکستانی موقف پر اتفاق کرلیا ہے اور اب روپے کی قدر کنٹرول کرنے کی پاکستان کی پالیسی جاری رہے گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے آئی ایم ایف کا مطالبہ تسلیم کر لیا ہے تاہم ریونیو وصولیوں کے ہدف کے بارے میں پاکستان نے آئی ایم کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا۔


متعلقہ خبریں