برسات اور برفباری کا نیاسسٹم پاکستان میں داخل

بارش

فوٹو: فائل


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج سے پاکستان میں برسات اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی نوید سنائی ہے جو آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔

جمعہ کے روز راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، مردان، کوہاٹ، کوئٹہ، بنوں اور ڈی آئی خان میں بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان، مالاکنڈ ڈویژن، ہزارہ ڈویژن، مری اور کشمیر میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ شب بادل چھائے رہے اور ہلکی بوندا باندی بھی ہوئی تاہم جمعہ کی صبح سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہی۔

فوٹو: ہم نیوز

مری میں گزشتہ شب سے جاری برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری اور بارشوں کا نیا سلسلہ ہفتے کی شام تک جاری رہے گا۔

سکردو اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں گزشتہ شب سے برفباری جاری ہے جس سے شہر میں 2 انچ جبکہ پہاڑوں پر 2 فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ شدید برفباری کے سبب متعدد مقامات پر رابطہ سڑکیں بھی بند ہو چکی ہے۔

برف باری کے باعث سکردو اور اسلام آباد کے مابین ہونے والی پرواز بھی معطل ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق برف باری کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہے گا اور بادل برسنے کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ24 گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بھی ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

لاہور میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جو آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔ بارش سے سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا درجہ حرارت آج کم سے کم 6 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔ برسات کے سبب جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند میں کمی کا امکان ہے۔

پنجاب کے علاقے اٹک، سمندری، شاہ کوٹ، عارفوالہ اور گردو نواح میں بھی بونداباندی سے ٹھنڈ میں اضافہ ہو گیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا۔ تاہم کوہاٹ، پشاور ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش پارہ چنار میں 04 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اسکردو اور کالام سرد ترین مقامات رہے جہاں کا درجہ حرارت منفی 09 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ گوپس، استور ، بگروٹ منفی 08، ہنزہ منفی 07، گلگت، مالم جبہ، دیر  منفی 04 اور راولاکوٹ میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکاڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں