لیڈی گاگا نے رابرٹ کیلی کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا

گلوکار رابرٹ کیلی کو جنسی ہراسگی کے الزامات کا سامنا ہے

فوٹو: گیٹی امیجز


معروف امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا نے رابرٹ کیلی کے ساتھ مزید کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ گلوکارہ نے رابرٹ کیلی کے ساتھ گائے گئے گانے کو آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز سے بھی ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

لیڈی گاگا نے گلوکار رابرٹ کیلی پر مختلف خواتین کی جانب سے ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا جس کا اعلان انہوں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے کیا۔

رابرٹ کیلی پر یہ الزامات ایک روز قبل ٹیلیویژن پر چلائی گئی ڈاکیومینٹری میں لگائے گئے تھے۔

واضح رہے 52سالہ رابرٹ کیلی ڈاکیومنٹری کے ریلیز ہونے سے قبل بھی خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات کی تردید کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے نئی ڈاکیومنٹری میں ان پر لگائے الزامات کو مسترد کیا ہے۔

گریمی ایوارڈا یافتہ گلوکار پر اس سے قبل 2008 میں شکاگو میں بچوں کی پورنوگرافی سے متعلق مقدمہ چلایا گیا تھا جس میں انہیں بری کر دیا گیا تھا۔

لیڈی گاگا نے نجی ٹی وی چینل پر چلائی جانے والی ڈاکیومینٹری کو خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں الزام لگانے والی خواتین پر یقین ہے۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ میں ایک ہزار فیصد ان خواتین پر یقین کرتی ہوں اور ان کے ساتھ کھڑی ہوں، میرا مطالبہ ہے کہ ان خواتین کی آواز سنی جائے اور اس پر سنجیدگی سے کارروائی عمل میں لائی جائے۔

لیڈی گاگا نے 2013 میں رابرٹ کیلی کے ساتھ گایا گیا گانا “ڈو واٹ یو وانٹ” ریلیز کیا تھا۔ گلوکارہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ یہ گانا تمام اسٹریمنگ پلیٹ فارم سے ہٹا رہی ہیں اور آئندہ کیلی کے ساتھ کام نہیں کریں گی۔

واضح رہے کہ امریکی شوبز انڈسٹری گزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے جنسی ہراسگی کے الزامات کی زد میں ہے۔

 


متعلقہ خبریں