سال 2018 میں پولیو کیسز کی تعداد 10 ہو گئی

انسداد پولیو مہم: 3 روز میں 87 فیصد ہدف حاصل

فوٹو: فائل


اسلام آباد:  خیبرپختونخوا میں گزشتہ دو دن میں پولیو کے دو نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

پہلا کیس لکی مروت میں رپورٹ ہوا ہے جہاں بھانہ منجی والا سے تعلق رکھنے والی سولہ ماہ کی انعم میں پولیو واٸرس کی تصدیق کی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انعم کے والد افضل خان نے 16 دسمبر کو پولیو حکام سے رابطہ کیا تھا۔ نیشنل انسٹيٹيوٹ آف ہیلتھ نے سٹول سیمپل معاٸنے کے بعد پولیو واٸرس کی تصدیق کردی۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے ضلع باجوڑ کے اڑھائی سالہ بچے میں بھی پولیو کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد 2018 میں پولیو کیسز کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

انسدادپولیو پروگرام ٹیم کے مطابق  والد بچے کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری تھا۔

وزیر اعظم عمران خان کے معاون برائے انسداد پولیو بابر عطا نے بھی اپنے ٹویٹر پیغام میں دونوں کیسز کی تصدیق کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مزید دو کیسز رپورٹ کیے جانے کے بعد 2018 میں خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد 6 ہوگئی. جن میں چارسدہ سے1، لکی مروت1، باجوڑ 3 اور خیبر سے 1 کیس رپورٹ ہوا۔

واضح رہے گزشتہ سال دسمبر میں پاکستان بھر میں  انسداد پولیو مہم شروع کی گئی تھی جو تین دن تک جاری رہی تھی۔ دوران مہم 58 لاکھ 87 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے گئے تھے۔

دوسری جانب دو روز قبل ڈائریکٹر جنرل عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر ٹیڈروس نے پاکستان کا دورہ کیا اور ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ  پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں، پولیو ورکرز کی کاکردگی دیکھ کر خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی صحت اصلاحات کا مقصد کروڑوں عوام کی صحت میں بہتری لانا ہے۔

 


متعلقہ خبریں