اسلام آباد میں سوائن فلو کا پہلا کیس سامنے آگیا


اسلام آباد: اسلام آباد میں27 سالہ نوجوان میں سوائن فلوکی تصدیق سے رواں سال کا پہلا کیس سامنے آگیا۔

ہم نیوز کے مطابق 27 سالہ مریض فہد شاہ میں سوائن فلو وائرس کی تشخیص ہو ئی جس کے بعد وہ  نجی اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

فہد شاہ کو نجی اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے اور لواحقین سمیت کسی کو بھی اس کے پاس جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق فہد شاہ کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال میں اسلام آباد میں متعدد افراد میں سوائن فلو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ جبکہ اسی بیماری کے باعث جڑواں شہروں میں تین افراد جاں بحق بھی ہوئے تھے۔

سوائن فلو کے مرض میں مبتلا مریضوں کیلئے اسلام آباد کے پمز اسپتال میں چند بیڈز پر متشمل الگ وارڈ قائم کی گئی ہے ۔ پمز آنے والے مریضوں کے نمونے تشخیص کیلئے قومی ادارہ صحت بھجوائے جاتے ہیں۔

قومی ادارہ صحت میں لاہور، راولپنڈی اور پشاور سمیت مختلف شہروں سے سوائن فلو کی تشخیص کیلئے آنے والے نمونوں کی تعداد زیادہ ہے۔

سوائن فلومیں مبتلا شخص کو عام نزلہ زکام کی شکایت ہوتی ہے، سردرد کے ساتھ تھکاوٹ محسوس کرتا ہے جبکہ کچھ افراد مسلسل قے میں بھی مبتلا ہوجاتے ہیں۔ اس مرض کی تشخیص صرف لیبارٹری ٹیسٹ سے ہی ممکن ہوتی ہے۔


متعلقہ خبریں