پی ٹی آئی سب سے زیادہ جمہوری جماعت ہے، ارشد داد


اسلام آباد: سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف ارشد داد نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں پاکستان تحریک انصاف سب سے زیادہ جمہوری جماعت ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام “نیوزلائن” میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عہدہ سنبھالے کے بعد چارماہ ہوچکے ہیں اور میرے پاس تمام اختیارات موجود ہیں، جہانگیر ترین سے متعلق خبریں صرف افواہیں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان اور نواز شریف کے سیاسی میں آنے سے عوامل مختلف ہیں، عمران خان کا تعلق سیاسی خاندان سے نہیں تھا۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کو تحریک انصاف نے پارٹی کی سطح پر سنجیدہ نہیں لیا اس لیے نتائج تسکی بخش نہیں تھے لیکن اس کے بعد ہم اچھے نتائج بھی لائے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے الفاظ دہراتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو سب سے برا خطرہ خود تحریک انصاف سے ہی ہے۔

تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کا موازنہ زرداری کے اکاؤنٹس سے نہیں کیا جاسکتا، حلیم عادل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کا موازنہ آصف علی زرداری کے اکاأنٹس سے نہیں کیا جا سکتا، یہ کسی ایک فرد کے نہیں بلکہ پارٹی کے اکاؤنٹس ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جن کو سپریم کورٹ نے صادق اور آمین قرار دیا ہے لہذا کسی کے کچھ کہنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

وزیر اعظم کی بہن علیمہ خان کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سپریم کورٹ کو اس معاملے کی تحقیقات کرنے سے روکا نہیں، عدالت اپنی کارروائی پوری کرے۔

پاکستان تحریک انصاف کے لیے قوانین مختلف ہیں، افنان اللہ خان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لیے قوانین مختلف ہیں اپوزیشن کے لیے کچھ اور۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ابھی جو باتیں آج کر رہی ہے چھ ماہ بعد اس سے مختلف باتیں کر رہی ہوگی لہذا انہیں وہی باتیں کرنی چاہیے جن پر یہ عمل بھی کرسکیں۔

رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے دوسروں کے لیے بہت سخت پیمانے بنائے ہوئے ہیں لیکن خود کے لیے کوئی پیمانہ نہیں ہے۔

الزام لگانے سے کوئی مجرم نہیں بن جاتا، اخونزادہ چٹان

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اخونزادہ چٹان نے کہا کہ کسی پر الزام لگانے سے کوئی مجرم نہیں بن جاتا، تمام چیزیں جلد سامنے آ جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ احتساب کا عمل ہونا چاہیے لیکن اس میں شفافیت ہونا لازمی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آج تک جو بھی باتیں کیں بعد میں سب سے یو ٹرن لیا۔


متعلقہ خبریں