اپوزیشن کا تحریک انصاف پر ایک اور الزام


اپوزیشن نے پاکستان تحریک انصاف پر سیاسی ماحول خراب کرنے کا الزام عائد کردیا۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان سید ثمرعباس سے گفتگوکرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ کے ساتھ جنگ شروع کی ہے لیکن منطقی انجام ان کے پاس نہیں ہوگا۔  حکومت وفاق کے ساتھ خطرناک کھیل کھیل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت الزام لگاتی ہے تو جوابی حملہ بھی برداشت کرے۔

پلوشہ خان نے کہا کہ نوازشریف سے انتہائی گرا ہوا سلوک کیا جارہا ہے۔ حکومت جعلی اکاؤنٹس اورعلیمہ خان کی جائیداد سامنے آنے سے بوکھلا گئی ہے۔

 تحریک انصاف کے علاوہ سب کا احتساب ہورہا ہے،رانا افضل

پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا افضل نے کہا کہ ملک میں پی ٹی آئی کے علاوہ سب کا احتساب ہورہا ہے۔ حکومت نے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے ملک کا سیاسی ماحول خراب کیا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی کوشش ہے کہ جمہوریت کی حفاظت کی جائے، یہ آلودہ جمہوریت ہے۔ ہم مل سکتے ہیں اور عوام حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے۔

رانا افضل کا کہنا تھا کہ حکومت سجنیدہ ہوکر کام کرے تو اپوزیشن ان کا ساتھ دے گی، ان کا تجربہ پاکستان کو تباہ کررہا ہے۔

سندھ حکومت کی اب تک کیا کارکردگی ہے،عثمان ڈار

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈارکا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی اب تک کیا کارکردگی ہے،انہوں نے صرف لوٹ مار کی جبکہ ان کے دور میں صرف غربت میں اضافہ ہوا۔ جے آئی ٹی میں بچوں پر الزامات نہیں لگے بلکہ پیپلزپارٹی قیادت کے نام شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی کرپشن چھپانے کے لیےعلیمہ خان پر الزامات لگا رہی ہے۔ وہ کبھی بھی عوامی عہدے پر نہیں رہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی کوشش ہے کہ عمران خان کو بھی اپنی قیادت کی طرح ثابت کریں۔ انہوں نے قوم کا ہر ادارہ تباہ کیا ہے جبکہ عمران خان نے ملک کو اسپتال اور یونیورسٹی دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام کوعمران خان کی قیادت پراعتماد ہے۔


متعلقہ خبریں