ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ

Rain and Snow

اسلام آباد: موسمیاتی تبدیلیوں پر نظر رکھنے والے ادارے کے مطابق ہفتہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق آج مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور،کوہاٹ، مردان، سرگودھا، گوجرانوالہ، راولپنڈی، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر مزید بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج مالاکنڈ ڈویژن(سوات، چترال، کالام، مالم جبہ، اپردیر)، ہزارہ ڈویژن، مری ، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

اسکردو شہر میں درجہ حرارت منفی 6 اور پہاڑی علاقوں میں منفی 10 تک گر گیا ہے، پہاڑوں پر برف باری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہیں، سیاحوں کو پہاڑی علاقوں پر نہ جانے کی ہدایات کر دی گئی ہیں۔

شاہراہ قراقرم چلاس کے مقام پر اورہنزہ میں مرتضیٰ آباد کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث  بند ہے اور  گلگت سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

برف باری کے بعد سردی میں شدید اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے بالائی علاقوں میں نظام زندگی شدید متاثر ہے۔

سندھ کے علاقے سکھر، روہڑی، شکارپور، گھوٹکی اور پنوعاقل سمیت گرد نواح میں بادل چھا ئے ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بونداباندی کے ساتھ سرد ہوائیں چلنے کی بھی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آج مطلع ابرآلود رہے گا۔ لاہورمیں آج صبح کے وقت ریکارڈ کیا گیا کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ جنوبی پنجاب کی تحصیل صادق آباد اور گردو نواح میں بوندابادی اور ہوا چلنے کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ماہرین موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں  ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم پنجاب کے میدانی علاقوں بالائی سندھ، اور پشاور ڈویژن میں بعض مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں