ملکی اداروں کو خسارے سے نکالیں گے، مراد سعید


وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کا کہنا ہے کہ پاکستان پوسٹ میں آن لائن شاپنگ کا آپشن شروع کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پوسٹل سروسز ای ایم ایس پلس ایکسپورٹ پارسل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان پوسٹ کو خسارے سے نکالیں گے، دنیا میں 175 فیصد کم نرخ پر پارسل ڈیلیور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ای کامرس بہت بڑی مارکیٹ ہے اس میں ایک ارب 50 کروڑ ڈالر کی گنجائش ہے۔ ہم 25 جنوری تک پاکستان پوسٹ کی برانچوں میں 15 ہزار کا اضافہ کریں گے۔

وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ پاکستان پوسٹ موبائل ایپ کے آغاز کے بعد عوام کا اعتماد بڑھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای ایم ایس سسٹم سے پارسل 72 گھنٹوں میں پہنچے گا، ہم پارسل کی بروقت ڈیلیوری کی ضمانت دے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ائیر پورٹ پر جلد کسٹم کلیئرنس کیلئے ایک ڈیوٹی آفیسر تعینات کریں گے۔ فروری میں ای ایم ایس سروس کا دائرہ دنیا بھر میں پھیلایا حائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایزی پیسہ کے ذریعے 25 ہزار پر 2500 دینا پڑتا ہے، پوسٹل سروسز 50 ہزار تک الیکٹرانک منی آرڈر پر 800 روپے لے رہا ہے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ عمران خان کی شکل میں دیانت دار قیادت موجود ہے، ہم ملکی اداروں کو خسارے سے نکالیں گے۔


متعلقہ خبریں