وزیراعظم کے دورہ قطر کے شیڈول کا اعلان

فوٹو: فائل


اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کے دورہ قطر کا شیڈول فائنل ہو گیا۔ وزیراعظم ایک روزہ دورے پر 22 جنوری کو دوحا پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اپنے ایک روزہ دورے میں امیر قطر سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے جس میں پاک قطر تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورہ قطر میں مختلف معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہونےکا امکان ہے، وزیر اعظم قطری قیادت کے ساتھ ایل این جی کے معاملے پر بھی بات چیت کریں گے ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،وزیر خزانہ اسد عمر، اور زلفی بخاری وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے،جبکہ مشیر تجارت اور وزیر پیٹرولیم بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطر کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے قطر کے وزیر اعظم اور ہم منصب سے ملاقات کی۔
شاہ محمود قریشی نے قطر کے وزیر اعظم شیخ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات، سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قطری وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت، تعلیم اور سفری سہولیات کے حوالے سے تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے بھی ملاقات کے دوران دوطرفہ باہمی تعلقات، روابط میں فروغ سمیت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔

قطری وزیر خارجہ نے قطر میں موجود پاکستانی محنت کش طبقے کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم جلد مزید پاکستانیوں کو قطر میں ملازمت کے مواقع مہیا کریں گے۔

 


متعلقہ خبریں