عوام حکومت سے ایک بھی نوکری کی توقع نہ کرے، خورشید شاہ

فوٹو: فائل


سکھر: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عوام موجودہ حکومت سے ایک بھی نوکری کی توقع نہ کرے جب کہ 20 لاکھ روپے میں کون غریب گھر خریدے گا۔

خورشید شاہ نے سکھر میں تقریب سے کرتے ہوئے کہا کہ سیاست گالم گلوچ نہیں بلکہ یہ ایک عبادت ہے لیکن ہم سیاستدان انتخابات میں آکر بڑے دعوے کرتے جاتے ہیں اور ذات اور برادری کے چکر میں کردار دیکھے بغیر اپنے نمائندوں کو ووٹ دے دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام موجودہ حکومت سے ایک بھی نوکری کی توقع نہ کرے۔ حکومت میں آنے سے پہلے کہا جاتا ہے ایک کروڑ نوکریاں دیں گے اور گھر بنائیں گے لیکن یہاں غریبوں کے لیے تو نہیں مافیا کے لیے گھر بنائے گئے ہیں کیونکہ 20 لاکھ روپے میں کون غریب گھر خریدے گا جب کہ گھروں کے نام پر مافیہ قرضہ لے کر ملک سے فرار ہو جائے گی۔

سید خورشید شاہ نے صوبوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے بھائیوں کو دھوکا دیا گیا ہے جب کہ پیپلزپارٹی نے تمام صوبوں کو اختیارات دیئے تھے۔ پیپلزپارٹی نے ہی سرحد کا نام تبدیل کر کے خیبرپختونخوا کا نام دیا تھا۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے صدر سے اختیارات لے کر پارلیمنٹ کو دیے اور عوام کو مضبوط کیا جب کہ موجودہ حکومت تو عوام کو صرف دھوکا دے رہی ہے۔ اگر حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر نہیں دیے تو انہیں حکومت چھوڑنی پڑے گی۔

وزیر اعظم کے ہر ہفتے پارلیمنٹ میں آکر جواب دینے سے متعلق بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا تھا ہر بدھ کو پارلیمنٹ میں آکر جواب دوں گا لیکن یہاں تو پانچ مہینے گزر گئے لیکن وزیر اعطم پارلیمنٹ میں نہیں آئے اور اب کی گمشدگی کے لیے اشتہار دینا پڑے گا۔ نوجوان، خوبصورت، سمارٹ شکل والا شخص کسی کو نظر آئے تو وہ اُس پارلیمنٹ چھوڑ جائیں۔


متعلقہ خبریں