وانڈررز ٹیسٹ، کلین سویپ سے بچنے کے لیے پاکستان کو 228 رنز درکار


جوہانسبرگ:پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلے جانے والے وانڈررز ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے تین وکٹوں کے تنقصان پر153 رنز اسکور کر لئے ہیں جبکہ سیریز میں کلین سویپ سے بچنے کے لئے پاکستان کو مزید 228 رنز درکار ہیں۔

پاکستان کی جانب سے اوپنرز شان مسعود اور امام الحق نے 50 رنز کی شراکت داری قائم کی  تاہم دونوں ڈیل اسٹین کی ان سوئنگ باولنگ کا نشانہ بنے ۔

کل بابر اعظم اور اسد شفیق اننگز آگے بڑھائیں گے،اس سے قبل جنوبی افریقہ اپنی دوسری اننگز میں  381 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی تھی، پروٹیز کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے 129 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ہاشم آملہ 71 رنز کی اننگز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستانی باؤلرز فہیم اشرف اور شاداب خان نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کھیل کے تیسرے روز جنوبی افریقی ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز سے آغاز کیا۔ ہاشم آملہ 71 رنز اور تمبا بویموا 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

جنوبی افریقی کھلاڑی کونٹن ڈی کوک نے 15 چوکوں کی مدد سے شاندار سنچری اسکور کی جس سے ان کی ٹیم کو پاکستان پرخاطر خواہ برتری مل گئی۔

جنوبی افریقی ٹیم نے آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 262 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 185 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد 50 اور بابر اعظم 49 رنز اسکور کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ پروٹیز کی جانب سے اولیور نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

واضح رہے پاکستانی ٹیم کو وائٹ واش سے بچنے کے لیے یہ میچ جیتنا ہوگا۔

سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی  جبکہ دوسرے میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو نو وکٹوں سے باآسانی شکست دی تھی۔


متعلقہ خبریں