میری جائیداد کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، علیمہ خان

علیمہ خان

علیمہ خان کو سائبر کرائم انکوائری کا نوٹس جاری


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ میرے بیرون ملک اثاثوں کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔

علیمہ خان نے نیو جرسی میں اپنے اثاثوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں تمام جھوٹی خبروں اور الزامات کو مسترد کرتی ہوں۔ مجھ پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ میرے اثاثے غیرقانونی اور شوکت خانم اسپتال کی خیرات کے پیسے سے خریدے گئے ہیں جب کہ شوکت خانم خیراتی اسپتال ہے جو میری مرحوم والدہ کی یاد میں بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شوکت خانم اسپتال کو ملنے والے چندے کی آڈٹ نامور عالمی فرم سے کرائی جاتی ہے۔

علیمہ خان نے اپنی جائیداد کے ذرائع بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے بیرون ملک اثاثے جائز ذرائع اور ظاہر کاروباری آمدن سے بنائے ہیں جس میں میری اپنی آمدن اور شوہر کے اثاثوں سے بننے والی جائیداد شامل ہے جب کہ میں گزشتہ 20 سال سے ٹیکسٹائل میں کامیاب کاروبار کر رہی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرے ٹیکسٹائل کے خریدار عالمی سطح پر موجود ہیں جب کہ میری سالانہ ایکسپورٹ آرڈر تقریباً دو ارب روپے کی ہوتے ہے، جس میں سے میں ملکی معیشت میں بھی حصہ ڈالتی ہوں۔

وزیر اعظم کی ہمشیرہ نے بیرون ملک اپنی جائیداد کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دبئی کی جائیداد سرمایہ کاری کے ذریعے تین کروڑ نو ہزار 234 روپے میں خریدی تھی جس کے لیے رقم  جائز بینکنگ ذرائع سے بھیجی گئی تھیں جب کہ دبئی کی جائیداد خریدنے کے لیے دبئی میں بینک سے قرضہ بھی لیا گیا تھا۔

انہوں ںے کہا کہ نیوجرسی کی جائیداد 14 کروڑ پانچ لاکھ روپے میں خریدی گئی اور اس کے لیے بھی جائز بینکنگ ذرائع سے رقم بھیجی گئی اور بینک سے قرضہ لیا گیا تھا۔ یہ مشترکہ جائیداد کاروباری مقاصد کے لیے خریدی گئی تھی جب کہ نیو جرسی کی جائیداد قانون کے مطابق ٹیکس ادا کر کے ظاہر کی گئی ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ جھوٹی اور بدنام کرنے والی مہم سے مجھے تکلیف پہنچ رہی ہے جب کہ میری جائیداد اور میرے خیراتی کام کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے۔ میں نے اپنی زندگی اس خیراتی کام کے لیے وقف کی ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں