زلمے خلیل زاد کل پاکستان پہنچیں گے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان زلمے خلیل زاد کل پاکستان کے دورے پر پہنچ رہے ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق زلمے خلیل زاد پانچ روزہ دورہ پاکستان کے لیے 15 جنوری کو اسلام آباد پہنچیں گے اور 19 جنوری تک پاکستان میں ہی قیام کریں گے۔ زلمے خلیل زاد کے ہمراہ امریکی ڈپٹی وزیر خارجہ الیس ویلز بھی پاکستان آئیں گی۔

ذرائع کے مطابق زلمے خلیل زاد اپنے دورہ پاکستان میں اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جب کہ وہ باقاعدہ طور پر وفود کی سطح پر دفتر خارجہ میں مذاکرات بھی کریں گے۔

زلمے خلیل زاد کے دورے کا مقصد افغانستان میں فوجی انخلا، افغان طالبان سے مذاکرات اور افغان عمل سے متعلق مشاورت شامل ہے۔

اس وقت زلمے خلیل زاد دورہ چین پر ہیں جہاں وہ چین کی قیادت سے ملاقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔

زلمے خلیل زاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ وہ خطے میں چین کے کردار کو اہم سمجھتے ہیں اس لیے افغانستان میں قیام امن کے لیے چین کا دورہ کر رہے ہیں۔

زلمے خلیل زاد 21 دسمبر تک چار ملکی دورے پر ہیں جس میں افغانستان، چین، پاکستان اور بھارت شامل ہیں۔ امریکی نمائندہ خصوصی کے چار ملکی دورے کا مقصد افغانستان میں قیام امن اور امریکی فوج کے انخلا کے حوالے سے اعتماد میں لینا ہے۔


متعلقہ خبریں