پی ٹی اے کا موبائل فونز آن لائن رجسٹر کرنے کا فیصلہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: بیرون ملک سے آنے والے پاکستانی اب گھر بیٹھ کر بھی اپنے موبائل فونز رجسٹر کرا سکتے ہیں۔

بیرون ملک سے موبائل فون لانے والے پاکستانیوں کو اب ائر پورٹ پر موبائل فون کی رجسٹریشن کرانے کے لیے دھکے نہیں کھانے پڑیں گے۔

ذرائع پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے صارفین اب گھر پہنچ کر بھی اپنے موبائل فونز کی رجسٹریشن کروا سکیں گے کیونکہ پی ٹی اے نے موبائل فونز کی رجسٹریشن آن لائن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی اے کے سسٹم کو ویب سائٹ کے ساتھ لنک کر دیا جائے گا جس کے بعد ائرپورٹ پر فون کی رجسٹریشن بھول جانے والوں کو پریشان نہیں ہونا پڑے گا اور وہ گھر پہنچ کر بھی اپنے موبائل فون رجسٹرڈ کرا سکیں گے۔ آئندہ چند روز میں آن لائن سسٹم تیار کر لیا جائے گا۔

پی ٹی اے نے تمام بڑے ائرپورٹس پر موبائل فون رجسٹریشن کے لیے اپنے کاؤنٹر قائم کررکھے ہیں اور ایک صارف کو بیرون ملک سے زیادہ سے زیادہ پانچ موبائل فونز لانے کی اجازت ہے جب کہ بیرون ملک سے موبائل فونز لانے والوں کو ایک فون پر کسٹم کی آزادی حاصل ہے۔


متعلقہ خبریں