احتساب کا دہرا معیار عوام کی توہین ہے،حمزہ شہباز


لاہور: اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں احتساب کا دہرا معیار عوام کی توہین ہے۔ آج تمام اپوزیشن جماعتوں کا متفقہ مطالبہ ہے کہ عمران خان کو ہیلی کاپٹر کیس کا جواب دینا ہو گا۔

حمزہ شہباز کا پیر کو پنجاب اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا ٹاک کے دوران کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان کو بھی اس بات کا جواب دینا ہو گا کہ پہلے ان کی جائیداد دبئی اور پھر امریکا (نیوجرسی) سے کیسے نکلی۔

ان کا کہنا تھا کہ سب نے دیکھ لیا کہ شریف خاندان کے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ عمران نیازی کے اقدام سے انتقام کی بو آ رہی ہے۔ ن لیگ قیادت کا دامن آج بھی صاف ہے۔ حمزہ شہباز اور اپوزیشن ممبرز کے لیے دہرا معیار نہیں چلنے والا۔

مران نیازی کا اپنا دامن داغدار ہے،حمزہ شہباز

حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی کا اپنا دامن داغدار ہے یہ کس منہ سے اپوزیشن کی خلاف روز چور اور ڈاکو کے نعرے لگا رہے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ یہ ڈی چوک پر کنٹینر پرچڑھ کر قوم سے معافی مانگیں گے کہ وہ عوام سے جھوٹ بولتے رہے کہ وہ مسٹر کلین ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ مہنگائی امیروں کے لیے ہوئی ہے۔ جا کر غریب سے پوچھیں کہ کس طرح ان کی اذیت ناک مہنگائی سے کمر ٹوٹ چکی ہے۔

غیر یقینی کی صورتحال معیشت کے لیے زہر قاتل ہے،حمزہ شہباز

حمزہ شہباز نے کہا کہ ملک کی غیر یقینی کی صورتحال معیشت کے لیے زہر قاتل ہے۔ مانگے تانگے کے پیسے دوست ممالک کے کہاں خرچ ہو گئے۔ اس طرح پاکستان نہیں چلنے والا۔ بڑکیں مارنے اور دھمکیاں دینے سے ملک نہیں چلتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر سمت اور قبلہ درست کرنا ہے تو اپوزیشن تیار ہے لیکن ان کی بداخلاقی، نااہلیت، ناقابلیت اور نہ عملیت ہے کہ تمام معاشی آبزرور پوچھتے ہیں کون سا روڈ میپ دیا ہے۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ لوکل باڈیز کو فنڈز نہیں مل رہے۔ اس کے لیے سپریم کورٹ کو کہنا پڑا۔ اورنج لائن لاہوریوں کے لیے تحفہ ہے۔

پی ٹی آئی ہمیں طعنے دیتی تھی اب خود ایم پی ایز کو فنڈز نہیں دے رہی یوں معلوم ہو رہا ہے کہ یوٹرن کی سنچری کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جلد منی بجٹ آنے والا ہے جس سے مہنگائی کا ڈرون عوام پر گرنے والا ہے۔ معیشت سے طوطا مینہ کی کہانی سنا دیتے ہیں اس سے ملک نہیں چلے گا۔


متعلقہ خبریں