قومی اسمبلی:شہباز شریف نے مہمند ڈیم ٹھیکے کو مفاد کا ٹکراؤ قرار دے دیا


اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مہمند ڈیم منصوبے کے ٹھیکے کو مفاد کا ٹکراؤ قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ رزاق داؤد سے ذاتی طور پر کوئی مسئلہ نہیں ہے اور وہ شریف آدمی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس حکومت کے مشیر اور ڈیسکون کے شیئر ہولڈر ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف نے کہا کہ پیپرا رولز کے لوازمات اور سفارشات کے خلاف ٹھیکہ جاری کیا گیا جب کہ میرٹ کا ڈھنڈورہ پیٹنے والوں کو شفافیت کا خیال رکھنا چاہیے تھے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ بات درست ہے کہ سنگل بڈ پیپرا قوانین کے خلاف نہیں ہے لیکن سنگل بڈ کے بھی کچھ لوازمات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں الزام تراشی نہیں کروں گا اور جو الزام تراشی کرے گا وہ بھرے گا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر سنگل بڈ تھی تو ری بڈنگ کرانی چاہیے تھی۔ اس ضمن میں انہوں نے مثال دی کہ ہم نے حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کی ری بڈنگ کرائی تھی جس سے ہمیں دس ارب روپے کی بچت ہوئی تھی۔

ملک میں آبی ذخائر بنانا وقت کی ضرورت ہے،شہباز شریف

ہم نیوز کے مطابق قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے استفسار کیا کہ اہم بات یہ ہے کہ حکومت کو کیا جلدی تھی؟ انہوں نے مہمند ڈیم کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں آبی ذخائر بنانا وقت کی ضرورت ہے اورنواز شریف کی قیادت میں ن لیگ کی حکومت نے یہ منصوبہ تجویز کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم منصوبہ ہمارا تھا، سابقہ حکومت نے اس کے لیے دو ارب روپے مختص کیے تھے اور کنٹریکٹ کا عمل بھی ہمارے دور میں ہوا لیکن ٹھیکہ ایوارڈ پاکستان تحریک انصاف کے دور میں ہوا تو اس کی ذمہ دار بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہے۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ٹھیکہ ایوارڈ کرنا سوالیہ نشان بن چکا ہے اور کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔

پی ایم ایل (ن) کے قائد نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2015 میں ایل این جی کی درآمد کے وقت رائے آئی تھی کہ پیپرا رولز کو معطل کر دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کہا گیا تھا کہ ایل این جی کے لیے ایمرجنسی شق شامل کر لیں مگرنواز شریف نے 20/ 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے باوجود اس تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہاز شریف نے تجویز پیش کی کہ مہمند ڈیم کے معاملے پر ہاؤس کی کمیٹی تشکیل دی جائے جو اس حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تین منصوبے لگائے، 3600 میگا واٹ بجلی پیدا کرکے قومی گرڈ کو دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایل این جی کی درآمد میں 160 ارب روپے کی بچت ہوئی۔

پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ لوڈ شیڈنگ حکومتی نا اہلی و نا تجربہ کاری کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت فرنس آئل پر بجلی پیدا کرکے عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال رہی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں مہنگائی کی شدید لہر ہے، بجلی کا بحران شدت اختیار کررہا ہے، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور سرکلر ڈیٹ اژدھا بن کرسامنے آرہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان پر بات کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ اس پر تحریک التوا پیش کرنا چاہتے ہیں۔

مانگے تانگے کی حکومت ہے پتہ نہیں کتنے دن چلے گی،زرداری

ہم نیوز کے مطابق سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی سے خطاب میں موجودہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ تو مانگے تانگے کی حکومت ہے پتہ نہیں کتنے دن چلے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہم آپ کو نہیں گرائیں گے کیونکہ گرنا آپ کو خود ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے تجویز دی کہ چیئرمین نیب کو پارلیمنٹ کے سامنے حاضر ہونا چاہیے۔ انا کا کہنا تھا کہ میں نے بہت نیب دیکھی ہے آگے بھی دیکھ لوں گا اورمجھے اپنی فکر نہیں ہے بلکہ مجھے آپ لوگوں کی فکر زیادہ ہے ۔

آصف علی زرداری کا استفسار تھا کہ جس دن نیب آپ کو بلائے گا تو اس دن کیا ہوگا؟ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم نیب کو ٹائٹ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہونا یہ چاہیے کہ نیب کسی رکن کو بلانے سے پہلے پارلیمنٹ سے پوچھے اور فیصلہ پارلیمانی کمیٹی کرے۔

ہم نیوز کے مطابق پی پی پی کے شریک چیئرمین نے قومی اسمبلی اجلاس میں الزام عائد کیا کہ نیب کی وجہ سے معاملات مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو چھ ماہ ہوگئے ہیں لیکن ان سے ایک مسئلہ بھی حل نہیں ہوسکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج کا حال برا ہے اور مہنگائی بڑھ رہی ہے۔

سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ مہمند ڈیم کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے مؤقف کی حمایت کرتا ہوں۔

ہم نیوز کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کا نام جے آئی ٹی سے نکال دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو ہم جیل میں نہیں دیکھنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی بہن یا بیٹی جیل میں ہو ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو عدالت سے ریلیف ملا جس  پر ہمیں بہت خوشی ہے۔

سابق صدر پاکستان اور پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اس خواہش کا بھی اظہارکیا کہ وہ نئے اراکین پارلیمنٹ کی تربیت کرنا چاہتے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق پی ایم ایل (ن) کے مرکزی رہنما اورسابق وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ چھ مہینے ہو گئے ہیں نا وزیر اعظم آئے ہیں اور نا ہی وزیر خزانہ آئے ہیں۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران شورشرابہ ہوا اوراپوزیشن نے اجلاس سے واک آؤٹ بھی کیا۔

ہم نیوز کے مطابق واک آؤٹ سے قبل قومی اسمبلی اجلا س میں شریک قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ میں گالی گلوچ پر یقین نہیں رکھتا ہوں اور میں اس اجلاس میں نہیں بیٹھوں گا۔

حکومت درخواست کر رہی ہے کہ کچھ دیر بیٹھیں،اسد قیصر کی شہباز شریف سے درخواست

شہباز شریف جب واک آؤٹ کرکے جانے لگے تو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ حکومت درخواست کر رہی ہے کہ کچھ دیر بیٹھیں۔

ہم نیوز کے مطابق قائد حزب اختلاف کا مؤقف تھا کہ میں نے گالی گلوچ خود سنی ہے اور کسی کو گالی اجازت نہیں دوں گا۔ ان کا واضح مؤقف تھا کہ میں نہیں بیٹھوں گا۔

ہم نیوز کے مطابق اس موقع پرطارق چیمہ نے کہا کہ یہ کوئی طریقہ نہیں ہے کہ اپوزیشن اپنی بات کرے اور پھروہ  چلے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ان کو آئندہ بات نہیں کرنے دیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق طارق چیمہ کی بات پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی تقریر سے پہلے ہی اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ کردیا۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں اس وقت گرما گرمی پیدا ہوئی جب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کی تقریر کے بعد وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا خطاب کے لیے کھڑے ہوئے۔

آئندہ میں پیمرا رولز کا اردو میں ترجمہ کروا دوں گا،فیصل واوڈا

فیصل واوڈا کے تقریر شروع کرتے ہی حزب اختلاف کی  جماعتوں نے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا مگر وفاقی وزیر نے اپنی تقریر جاری رکھی۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر نے شہباز شریف کی تقریر کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے اپنی تقریر کے دوران مہمنڈ ڈیم کے لیے سنگل بڈنگ کی نشاندہی کی مگر شاید پیمرا رولز انگریزی میں ہونے کی وجہ سے انہیں سمجھ نہیں آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ میں پیمرا رولز کا اردو میں ترجمہ کروا دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فنانشنل بڈ ایوارڈ کی گئی جب کہ ایسا نہیں ہے کیونکہ فنانشنل بڈ ایوارڈ نہیں ہوئی بلکہ کھلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے ایمانی اور بربریت سے اس ملک کو لوٹا گیا اور 54 سالوں سے یہ منصوبہ فائلوں میں تھا۔

پی ٹی آئی کے وفاقی وزیرفیصل واوڈا  نے کہا کہ اپوزیشن کو کچھ نہیں ملا تو مفادات کا تنازع کھڑا کر دیا کیونکہ پاکستان کے مسائل حل ہو گئے تو اپوزیشن کی سیاست دفن ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والوں میں جواب سننے کی ہمت نہیں ہے۔ سخت اظہاربرہمی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کے لیے جیل ہے اور یا پھر جلا وطنی۔

انہوں نے کہا کہ جیل سے آنے والے مجرم نے حقائق مسخ کر کے ایوان کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جواب کا وقت آیا تو منہ چھپا کر بھاگ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفادات کے ٹکراؤ کا معاملہ اٹھانے کا مقصد ڈیم کو متنازع بنانا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی تقریر کے دوران ہی پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی شگفتہ جمانی نے کورم کی نشاندہی کر دی جس پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تقریر رکوا کراراکین کی گنتی شروع کر وا دی۔

عمران خان نے امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی،مراد سعید

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی جب کہ ان کی حکومت نے تو اس کے آگے تسلیم کیا کہ ملک میں دہشت گرد ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی دوست ممالک کی جانب سے مدد کی جارہی ہے جب کہ گزشتہ وزیرخزانہ خود منی لانڈرنگ میں ملوث تھا۔ انہوں نےکہا کہ آج پوری دنیا کہتی ہے کہ موجودہ وزیر خزانہ دن رات محنت کرتا ہے۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے حزب اختلاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نے مزدوروں کو سڑکوں سے اٹھا کر سینے سے لگایا اورچھت فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظمعمران خان کو لے کر کر انڈوں پر تنقید کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا پتہ ہے کہ ان کا وقت ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود شہباز شریف نے کہا کہ سنڈے ہو یا منڈے- روز کھاؤ انڈے۔

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ پی پی پی اور پی ایم ایل (ن) نورا کشتی کرتے تھے اورآج جب شہباز شریف اور زرداری جس طرح گلے ملے اس سے وہ نورا کشتی یاد آگئی۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے مراد سعید کا کہنا تھا کہ تمام کردارکھلتے ہی  کہانی ختم ہونے پرہیں۔ انہوں نے کہا کہ فالودے و سموسے بیچنے اورریڑھی لگانے والوں کےاکاؤنٹس سےپیسےنکل رہےہیں۔

وفاقی وزیرنے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ جےآئی ٹی کا جواب دینے کے بجائے سندھ  و بلوچستان کانعرہ لگاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہان کا ہر کیس کھلے گا اورانہیں جواب بھی دینا پڑے گا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدرشہباز شریف پر سخت تنقید کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ وہ جیل سے آکر الزام لگانا شروع کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ دور میں امریکہ، پاکستان کو للکارتا تھا لیکن آج ڈونلڈ ٹرمپ کہتا ہے کہ عمران خان مدد کریں۔

وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے کہا کہ دوست ممالک دیانت دار قیادت کی وجہ سے پاکستان کی مدد کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث سابق وزیرخزانہ کو سابق وزیراعظم نے فرار کرایا۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن الزام لگا کر بھاگے نہیں بلکہ جواب سننے کی بھی ہمت رکھے۔ ان کا الزام تھا کہ انہوں نے اتنی کرپشن کی ہے کہ انہیں پتہ ہے کہ وقت پورا ہوچکا ہے۔

اچھا ہوتا شہبازشریف فیصل واوڈا کی بات بھی سنتے، علی محمد خان

پاکستان تحریک انصاف کے وفاقی وزیرمملکت برائے  پارلیمانی امورعلی محمد خان نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اچھا ہوتا شہبازشریف فیصل واوڈا کی بات بھی سنتے۔ ان کا کہنا تھا کہ جواب نہیں سنیں گے توپارلیمنٹ میں بحث کاکوئی فائدہ نہیں ہو گا۔

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا کہ شہبازشریف نےتسلیم کیا ہے کہ حکومت میں رہ کرکاروبارنہیں کرناچاہیے۔


متعلقہ خبریں