اپوزیشن حکومت پر دباؤ ڈال کر این آر او چاہتی ہے، وزیراعظم

اپوزیشن دباؤ میں لاکر این آرو چاہتی ہے، وزیراعظم | urduhumnews.wpengine.com

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن حکومت کو دباؤ میں لاکر این آر او لینا چاہتی ہے۔

وزیراعظم نے ٹویٹ کیا ہے کہ ہر سال پارلیمنٹ پر عوام کے ٹیکس سے اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں، اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی سے واک آؤٹ سمجھ سے بالاتر ہے۔

عمران خان نے کہا ہے کہ کیا عوام نے صرف واک آوٹ کیلئے انہیں منتخب کیا ہے، اپوزیشن ان حربوں سے حکومت کو دباؤ میں لاکر این آر او چاہتی ہے۔

وزیراعظم نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے کے کیسز بند کیے جائیں جن کا پی ٹی آئی حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کیا جمہوریت سیاسی رہنماؤں کو کرپشن اور لوٹ مار کی کھلی چھوٹ کا نام ہے۔ لگتا ہے ان کے نزدیک ووٹ لے کر آنے والے کو خزانے پر ڈاکہ ڈالنے کالائسنس مل جاتا ہے۔

’مانگے تانگے کی حکومت این آر او نہیں دے سکتی‘

سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رد عمل میں کہا ہے کہ ماضی میں تحریک انصاف ہر بات اور ہر چیز پر واک آوٹ کرتی رہی ہے، وزیراعظم بتائیں گزشتہ اسمبلی میں کتنی حاضریاں تھیں اور موجودہ میں کتنی ہیں۔

این آر او کے معاملے پر ایازصادق نے کہا ہے کہ وزیراعظم بتائیں کس سے این آر او مانگا ہے، کیا ان سے کسی نے این آر او مانگا؟، مانگے تانگے کی حکومت میں اتنی سکت ہے کہ کسی کو این آر او دے سکیں؟

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ ان میں حکومت چلانے کی سکت ہی نہیں ہے۔

ایازصادق نے کہا ہے کہ حکومت مبینہ دھاندلی کمیٹی میں ٹی او آرز سے بھاگ گئی ہے، حکومت ٹی او آرز طے کرنا ہی نہیں چاہتی۔

‎’عمران صاحب پارلیمنٹ اور حکومت ٹوئٹر پہ نہیں چلتی‘

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ عمران صاحب جس پارلیمنٹ کی کاسٹ کا احساس کر رہے ہیں پانچ سال وہاں سے بھاگے رہے ہیں ، اُسی پارلیمنٹ پہ حملہ کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کا ٹویٹ ظاہر کرتا ہے کہ وہ اپنی اور اپنی  ‎کابینہ کی نااہلی کی وجہ سے پریشان ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب پاکستان کی عوام اپنے وزیراعظم کا تلاش گمشدگی کا اشتہار دینے والے ہیں، عمران صاحب ہمیشہ کی طرح الزامات لگا کر اپوزیشن سے اپنی نااہلی کا این آر او چاہتے ہیں، اپوزیشن آپ کی نااہلی پہ خاموش نہیں ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب اپوزیشن آپ کو علیمہ باجی اور فارن فنڈنگ میں این آر او نہیں دے گی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎اپوزیشن پوچھتی رہے گی کہ روپے کی قدر میں 35 فیصد فیصد اضافہ کیسے ہوا ؟ مہنگائی میں 100 فیصد اضافہ کیسے ہوا؟ یک کڑوڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر کا ٹویٹ کب کریں گے؟


متعلقہ خبریں