مرادعلی شاہ نے استعفیٰ نہ دیا تو عملی اقدام اٹھائیں گے، فواد چوہدری



کراچی: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم سندھ حکومت سے کہتے ہیں خود تبدیلی لے آئے اور وزیراعلیٰ کو ہٹائے بصورت دیگرعملی اقدام اٹھائیں گے۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ عوام کے مفاد کیخلاف کام کررہے ہیں پی پی کو چاہیے کہ انہیں ہٹائے اور نیا وزیراعلیٰ لائے، سندھ میں تبدیلی ناگزیر ہے، ہم چاہتے ہیں کہ جو تبدیلی پورے پاکستان نے دیکھی ہے سندھ بھی دیکھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مقامی حکومت کے ساتھ ہیں اور چاہتے ہیں کہ وفاق اور پاکستان بھر سے سندھ کو ملنے والا پیسہ بیرون ملک جانے کی بجائے یہاں کے عوام پر لگے، ہم حکومت کو حوصلہ دینے آئے ہیں اوران کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری دورہ سندھ پر کراچی پہنچ گئے ہیں جہاں اہم ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیراطلاعات صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔

فواد چوہدری کراچی میں وزارت سے متعلقہ اہم اجلاسوں میں شریک ہوں گے اور مقامی پارٹی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران دورہ سندھ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا تھا کہ منسٹری کے کام سے جا رہا ہوں، سندھ پاکستان کا حصہ  ہے وہاں جانے پر کون پابندی لگا سکتا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان بھی رواں ماہ سندھ کا دورہ کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان ہم خیال سیاسی جماعتوں کی اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ طے شدہ پروگرام کے تحت وہ دورہ سندھ  میں پارٹی امور کا بھی جائزہ لیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کو دورہ گھوٹکی کی دعوت سردارعلی گوہر مہر نے دی تھی۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ 25 جنوری کو کراچی پیکج تیار کرکے وزیراعظم کو دے دیں گے اور کراچی ٹرانسفورمیشن کمیٹی پیکج تیار کرنے میں مصروف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی(کے آئی ڈی اے) براہراست وزیراعظم کے ماتحت ہے اورکے آئی ڈی سی کے زریعے منصوبوں پر عملدر آمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سندھ کی صوبائی حکومت نےابھی تک کوئی پیکج وفاق سے نہیں مانگا۔

وزیراعظم اور وزیراطلاعات کے دورہ سندھ نے صوبے کی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے اور صوبائی حکمران جماعت پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی اندرون خانہ صورتحال پر غور و غوص شروع کردیا ہے۔

سندھ میں حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والی سیاسی جماعتوں کے اتحاد ’گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس‘ نے بھی ایک اجلاس بلایا تھا جس میں اہم دوروں سے پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال پر غوروغوص کیا گیا۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما پیر صدرالدین شاہ راشدی نے واضح کیا تھا کہ ان ہاؤس تبدیلی کے لیے غیر آئینی طریقہ کار نہیں اپنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تبدیلی کی لہر آئی تو سب کو پتہ چل جائے گا۔


متعلقہ خبریں