حکومت پنجاب نے بلدیاتی نمائندوں کے فنڈز روک دیے

فوٹو: فائل


لاہور: حکومت پنجاب نے بلدیاتی نمائندوں کے فنڈز روک دیے ہیں اور نئے بلدیاتی نظام تک بلدیاتی اداروں کو فنڈز جاری نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب بلدیاتی نظام تبدیل کرنے میں ناصرف ناکام رہی ہے بلکہ حکومت کی پالیسیوں سے موجودہ نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے صوبہ بھر کا بلدیاتی نظام سیاسی مخالفت کی نظر کر دیا ہے جب کہ بلدیاتی اداروں میں پہلےسے جاری اسکیموں میں کروڑوں روپے کرپشن کا انکشاف بھی ہوا ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی اداروں کا آڈٹ کرایا جا رہا ہے جس میں بڑے پیمانے پر گھپلے سامنے آئے ہیں، نئے بلدیاتی نظام کا مسودہ تیار ہونے کے باوجود اسمبلی میں قانونی ترامیم کے لئے پیش نہیں ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق نئے بلدیاتی نظام کو مسلم لیگ نون مسترد کر چکی ہے اور حکومت کو مدت پوری ہونے سے پہلے ضلعی اسمبلیاں تحلیل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے بلدیاتی نظام میں تبدیلی کا معاملہ ایک سال کے لئے مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب میں مسلم لیگ نون ضلعی اسمبلیوں میں اکثریت رکھتی ہے جس کے بعد پی ٹی آئی کے لئے بلدیاتی نظام تبدیل کرنا امتحان بن گیا۔


متعلقہ خبریں