منی بجٹ ٹیکس کے لیے نہیں برآمدات بڑھانے کے لیے ہوگا، اسد عمر


اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ہم 23 جنوری کو منی بجٹ پیش کرنے جا رہے ہیں جو عوام پر ٹیکس بڑھانے کے لیے نہیں بلکہ برآمدات میں اضافے کے لیے ہو گا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم سی پیک کے اگلے مرحلے میں صنعتی پیداوار اور تجارت پر فوکس کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نو فروری 2018 کو پاکستانی معیشت کے حوالے سے کارٹون چھپا تھا جس کو آئی ایم ایف کی ڈرپ لگی ہوئی تھی لیکن اب وہ ڈھانچہ تبدیل ہو رہا ہے جب کہ منی بجٹ سرمایا کاری اور بزنس میں اضافے کا سبب بنے گا۔

اسد عمر سے سوال پوچھا گیا کہ کیا حکومت سی پیک کے بہت سے منصوبوں کو بند کر رہی ہے؟ جس پر اسد عمر نے جواب دیا کہ یہ وہ منصوبے تھے جو پہلے فائنلائز نہیں ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا جذبہ ہے کہ ملک میں ڈیم بنے اور پانی کی قلت دور ہو۔ ہم چیف جسٹس کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں