‘وفاق کا سندھ حکومت گرانے کا کوئی ارادہ نہیں’

فائل: ندیم ملک لائیو



اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیراورترجمان ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ وفاق کا سندھ حکومت گرانے کا کوئی ارادہ نہیں کیونکہ یہ ہماری ترجیح ہی نہیں ہے۔

پروگرام ندیم ملک لائیومیں میزبان ندیم ملک سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ وزیراعظم نے سب کو ذمہ داری سے بات کرنے کی ہدایت کی ہے، ہم سندھ حکومت نہیں گرائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ احتساب اور جمہوریت الگ الگ چیزیں ہیں، اگرعوامی مسائل کے لیے اکٹھے ہوں گے تو یہ جمہوریت سے ہی حل ہوں گے، اس ایجنڈے میں اپوزیشن کے ساتھ  کھڑے ہوں گے۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ کون کس سے این آر او مانگ رہا ہے۔ ہم نے اگر ملکی اداروں کو نقصان میں ڈالا ہے تو ہم ذمہ دار ہیں، ملک کو آگے لے کرجانا چاہتے ہیں۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کے معاملے پرمسلم لیگ ن اورپاکستان پیپلزپارٹی کا یوٹرن نظرآرہا ہے۔

پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی کواین آراوملا، خرم دستگیرخان

پروگرام میں موجود مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیرخان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کوشاہد کسی فارم میں این آر او مل گیا ہے کہ ریفرنس یانگران جج کا فیصلہ نہیں ہوا۔ یہ تحریک انصاف کو این آراو ہی ملا تھا کہ انہیں حکومت ملی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو برابھلا کہہ کرنظام نہیں چلایا جاسکتا۔

رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت نہیں چلاپارہی، یہ پارلیمان میں قانون سازی نہیں کررہے ہیں۔ ان کی دھمکیوں کے باعث ملک میں سرمایہ کار خوف کاشکار ہورہے ہیں۔

یہ حکومت اپنی نااہلی سے خودگرے گی۔ حکومت کے مستقبل سے لائحہ عمل بجٹ کے بعد بنائیں گے۔

خرم دستگیرخان نے کہا کہ مسلم لیگ ن آج بھی ووٹ جو عزت دو کے نعرے پر کھڑی ہے۔

کوئی این آراو نہیں مانگ رہا، امتیازشیخ

پیپلزپارٹی کے رہنما امتیازشیخ کا کہنا تھا کہ کوئی این آراو نہیں مانگ رہا ہے اور نہ ہی حکومت اس پوزیشن میں ہے۔ سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو(نیب) کو دوبارہ تحقیقات کا کہا ہے، اگر سپریم کورٹ جے آئی ٹی کی رپورٹ کو مان لیتی تو عدالتی حکم کچھ اور ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا پہلے بھی احتساب ہوا۔ اب بھی وہ سامنا کریں گے لیکن ملکی معیشت استحکام سے ہی آگے بڑھ سکتی ہے، ان کی یہ نااہلی ہے کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد کم ہوگیا ہے۔

رہنما پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے معاملے پرپہلے وزیراعظم رابطہ کریں، ہوسکتا ہے اس معاملے پرحکومت کو اداروں کی مدد لینی پڑے۔

امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا حملوں میں مصروف ہیں، حالانکہ ان کی اپنی حکومت چند ووٹوں سے بنی ہوئی ہے، اس حکومت نے چندماہ میں اپوزیشن کو قریب کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں