12 بجے شب غیر تصدیق شدہ موبائل بند ہوجائینگے

Mobile Phones

موبائل فونز پر عائدٹیکسزمیں حیرت انگیز کمی اوورسیز پاکستانیوں کو خوشخبری سنا دی گئی


اسلام آباد: پاکستان میں غیر تصدیق شدہ موبائل فونز آج شب 12 بجے بند ہو جائیں گے لیکن ملک کے طول و عرض میں شدت کے ساتھ  یہ سوال پوچھا جارہا ہے کہ کون سے موبائل فونز بند ہوں گے اور کون سے کام کرتے رہیں گے؟

افسوسناک امر ہے کہ ملک میں 15 کروڑ 30 لاکھ موبائل سمیں استعمال کرنے والوں کو تاحال اس ضمن میں درست رہنمائی مہیا نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے عوام الناس ازحد پریشان ہیں۔

ہم نیوز نے یہ حیران کن انکشاف بھی کیا ہے کہ خود اعلیٰ حکام بھی اس سلسلے میں کنفیوژن کا شکار ہیں جس کا اندازہ اس بات سے کیا جاسکتا ہے کہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے واضح طور پر کہا ہے کہ تمام غیر تصدیق شدہ موبائل فونز بند کردیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر کی جانب سے کیے جانے والے دعوے کے برعکس پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ 15 جنوری کے بعد غیر تصدیق شدہ موبائل کو اس میں موجود سم سے منسلک کردیا جائے گا جس کے معنی یہ ہوئے کہ جب موبائل میں کوئی دوسری سم ڈالی جائے گی تو وہ فون ناقابل استعمال ہوجائے گا۔

یہاں ملین ڈالر کا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ وفاقی وزیرڈاکٹر خالد مقبول صدیقی درست کہہ رہے ہیں اور یا پھر پی ٹی اے حکام کا مؤقف ٹھیک ہے؟ کیونکہ دونوں کے جوابات میں بے پناہ تضاد ہے۔

ہم نیوز نے پی ٹی اے حکام کے حوالے بتایا ہے کہ بند پڑے ہوئے غیر تصدیق شدہ موبائل فونز بھی 16 جنوری سے استعمال میں نہیں لائے جا سکیں گے۔

 شہری 8484  پر آئی ایم ای آئی نمبر بھیج کر موبائل فون رجسٹر کرا سکتے ہیں،پی ٹی اے

پی ٹی اے حکام کے حوالے سے ہم نیوز نے بتایا ہے کہ  شہری 8484  پر آئی ایم ای آئی نمبر بھیج کر موبائل فون رجسٹر کرا سکتے ہیں۔ شہریوں کو یہ سہولت بھی فراہم کی گئی ہے کہ وہ  ’ڈی آئی آر بی ایس ایپلی کیشن‘ بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کو ایئر پورٹ پر موبائل فون رجسٹر کروانے کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں