وزیراعظم کی بے نظیر اسپتال جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کی ہدایت


راولپنڈی: وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو شہید اسپتال کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے اور امراض کی تشخیص وعلاج، انتہائی نگہداشت کے شعبوں کومزید سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے یہ ہدایات بے نظیر بھٹو شہید اسپتال راولپنڈی کے اچانک دورے کے موقع پردیں۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیرصحت عامرکیانی، معاون خصوصی افتخاردرانی، سینیٹر فیصل جاوید بھی تھے۔ وزیراعظم کو وفاقی وزیرصحت نے اسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے متعلق بریفنگ بھی دی۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم نے بے نظیر بھٹو شہید اسپتال کے مختلف وارڈوں کا دورہ کیا، عوام کو فراہم کیے جانے والے علاج معالجے کے معیار کا جائزہ لیا، صفائی و ادویات کی دستیابی کی صورت حال بھی دیکھی۔

اسپتال کے دورے میں وزیراعظم زچہ بچہ وارڈ سمیت مختلف وارڈوں میں گئے جہاں انہوں نے مریضوں کے علاوہ ان کے اہل خانہ سے بھی بات چیت کی۔

ہم نیوز کے مطابق اسپتال کے دورے میں وزیراعظم عمران خان کو مریضوں کے متعدد عزیزوں نے روک کر اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا جو انہوں نے انتہائی توجہ و غور سے سنے اور موقع پر ہی ان کے حوالے سے احکامات بھی دیے۔


متعلقہ خبریں