شمالی علاقہ جات میں بارش اور برفباری کا امکان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم شمالی علاقہ جات میں مطلع ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔

مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق  کوہاٹ اور راولپنڈی ڈویژن میں بھی چند مقامات پر بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں آج صبح سیاہ بادل چھائے رہے اور سردی کی شدت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

فوٹو : ہم نیوز

بلوچستان کے اکثر اضلاع میں بدھ کے روز مطلع جزوی طور پر آبر آلود رہے گا۔ سب سے زیادہ سردی زیارت میں پڑنے کا اندیشہ ہے جہاں کا درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک نیچے آسکتا ہے۔

گلگت بلتستان کے ضلع شگر اور گرد نواح میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور صبح تک  ایک سے 6 انچ تک برفباری ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر بارش اور بوندباندی کا بھی متوقع ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

پنجاب اور سندھ میں خشک سردی کی لہر بدستور برقرار ہے اور آئندہ چند روز تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اود خشک رہا اور شمالی علاقہ جات میں شدید سردی کی لہر برقرار رہی۔ سکردو میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے 14 درجے گر گیا۔

بگروٹ منفی 13، کالام منفی 12، گوپس منفی 09، ہنزہ،مالم جبہ منفی 07، راولاکوٹ منفی 06، دیر منفی 05، کوئٹہ، گلگت منفی 04، مری  اور چلاس چترال منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں