پی ٹی آئی کا پارلیمانی اجلاس، اراکین پارٹی کے خلاف پھٹ پڑے

پی ٹی آئی کا پارلیمانی پارٹی اجلاس جاری | urduhumnews.wpengine.com

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمانی پارٹی کےاجلاس میں اراکین پارٹی کے خلاف پھٹ پڑے۔ اسد عمر کی معاشی بریفنگ پر اراکین نے شدید تنقید کی۔

پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں اپوزیشن اتحاد کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا جب کہ اسد عمر نے معاشی صورتحال اور منی بجٹ کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

اسد عمر نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ملک میں کاروبار بیٹھ گیا ہے۔ اراکین پر مشتمل اکنامک کاکس بنائیں ہر ماہ معاشی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں ہمیں سخت چیلنجز کا سامنا ہے اور جس طرح زراعت کے مسئلے کو سنبھالنا چاہیے تھا اس طرح نہیں سنبھالا گیا۔

اراکین قومی اسمبلی نے کہا کہ زراعت کا کوئی حال نہیں ہے، کاشتکار سخت پریشان ہیں ان کے لیے کچھ کیا جائے۔ مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے اور عوام ہم سے سخت نالاں ہیں۔

ذرائع کے مطابق اراکین نے کہا کہ مرکز کے اندر اراکین قومی اسمبلی کی کوئی حیثیت نہیں ہے اور اسپیکر بھی صرف چند لوگوں کو ہی بولنے کا موقع دیتے ہیں جب کہ جس شہر سے ہمارا تعلق ہے اس شہر کے لیے کوئی بھی مشاورت  نہیں کی جاتی۔ بلدیاتی حکومتوں کے فنڈز بند ہیں اور 15 کروڑ روپے ابھی تک اراکین پارلیمنٹ کو نہیں دیے گئے ہیں۔

اراکین نے کہا کہ ابھی ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ابھی صرف پانچ ماہ ہی ہوئے ہیں لیکن سب کو ساتھ لے کر چلیں تو معاملات صحیح ہوجائیں گے۔

اراکین نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کالج میں داخلہ کرانا بھی مشکل ہے اداروں میں لوگ ہماری بات نہیں سنتے ہیں جب کہ اسمبلی اجلاس کے دوران تمام وزیر ایک گھنٹہ اراکین قومی اسمبلی کو دیں۔

تجاوزات ہٹانے کے معاملے پر بھی اراکین نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات ہٹانے کے معاملے نے پارٹی کا امیج خراب کر دیا ہے یہ تجاوزات چھ ماہ بعد بھی ہٹائی جاسکتی تھیں۔


متعلقہ خبریں