جعلی ڈگری، پی آئی اے کے 402 ملازمین فارغ، قومی اسمبلی میں جواب جمع



اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت جاری ہے، اپوزیشن لیڈ ر شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو بھی اجلاس میں شرکت کے لیے قومی اسمبلی پہنچ گئے۔

حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی میں سات تحاریک التوا جمع کرادی ہیں۔

تحاریک التوا گیس کی قیمتوں میں اضافے، بڑھتی ہوئی مہنگائی، قرضوں میں اضافہ اور سی پیک منصوبوں میں کٹوتی پر جمع کرائی گئی۔

ن لیگ نے مہمد ڈیم ٹھیکے میں بے ضابطگیوں، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ بارے میں بھی تحاریک التوا بھی جمع کرائیں۔

تحاریک التوا شاہد خاقان عباسی،  خواجہ محمد آصف، سعد رفیق اور مریم اورنگزیب نے جمع کرائیں۔

 ریلوے کی نئی 20 ٹرینوں نے سو روز میں 15 کروڑ روپے کمائے

دوران اجلاس وزرات ریلویز نے تحریری جواب جمع کرا دیا ہے۔

وزارت ریلوے کی جانب سے جاری جواب میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان ریلویز کے پاس 460 انجن ہیں جن میں سے 140  انجن ناکارہ 320 انجن زیر استعمال ہیں۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ ریلوے نے بجٹ خسارہ کم کرنے کےلئے کرایوں میں اضافہ کیا۔ خسارہ تنخواہوں اور پنشنوں میں اضافہ کی وجہ سے بڑھ رہا ہے۔

وزارت ریلوے نے موقف اختیار کیا کہ حکومت کے پہلے 100 دنوں میں 20 نئی ٹرینز متعارف کرائیں۔ نئی 20 ٹرینوں نے سو روز میں 15 کروڑ روپے کمائے۔

راولپنڈی ایکسپریس، موہنجو دوڑو پسنجر، روبی پسنجر کو ٹھیکے پر دینے کے لیے  ٹینڈر مانگا ہے۔ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے 52 کلومیٹر ٹریک بحال کردیا ہے۔

چیف جسٹس نے ای سی ایل سے نام ہٹانے کا حکم نہیں دیا، شاہ محمود قریسی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے بلاول اور مراد علی شاہ کا نام  ای سی ایل سے ہٹانے کا حکم نہیں دیا، صرف اتنا کہا گیا کہ اس معاملے کو دیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں یہ نقطہ اٹھایا گیا کہ عدالت کا تفصیلی حکم نہیں ملا، صرف اخبارات میں کہا گیا کہ ای سی ایل سے نام نکالنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ای سی ایل سے متعلق بنائی گئی حکومتی کمیٹی معاملے کو دیکھ رہی ہے، ای سی ایل سے نام نکالنے سے انکار کسی نے نہیں کیا۔

جمہوریت کو حکومت سےخطرہ ہوتا ہے، شاہد خاقان عباسی

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے 15 منٹ تقریر کی، میرا سوال یہ ہے کہ بتا دیں کہ کیا کہنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا اور حکومت کہہ رہی ہے سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ کون  سی قیامت آ جاتی اگر بلاول کا نام ای سی ایل سے نکا دیتے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایسے شخص کو ای سی ایل پر کیوں رکھا ہے جس نے کبھی حکومتی عہدہ ہی نہیں سنبھالا؟

قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات

دوران اجلاس سوال کیا گیا کہ حکومت کب تک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی بنا رہی ہے؟ جس کے جواب میں  وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے بتایا کہ حکومت پی ایف یو جے سے مشاورت کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ورکنگ صحافیوں کی مشاورت سے جلد بنے گی۔

وزارت ہوا بازی ڈویژن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پی آئی اے ملازمین کی تصدیق کی بعد 700 ڈگریاں جعلی پائی گئیں، جعلی ڈگری والے 402 ملازمین کو فارغ کر دیا گیا، 35 مقدمات پر تادیبی کارروائی جاری ہے۔

وزارت ہوا بازی ڈویژن نے بتایا کہ 263 ملازمین نے عدالت سے حکم امتناعی لیا ہوا ہے، ملازمین کی جعلی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔


متعلقہ خبریں