پنجاب حکومت سے کسانوں کے مذاکرات کامیاب، دھرنا ختم

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب حکومت کے خلاف کسانوں نے دو روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

حکومت پنجاب اور کسانوں کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد کسانوں نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ حکومت نے کسانوں کے آلو ایکسپورٹ کرنے کا مطالبہ منظور کر لیا۔

پنجاب بھر کے کسانوں کا سندھ اسمبلی کے قریب مال روڈ پر دوسرے روز بھی دھرنا جاری رہا۔ مظاہرین نے آلو کی قیمت نہ بڑھانے پر اراکین اسمبلی کی گاڑیوں پر آلو برسانے کی دھمکی بھی دی تھی۔

مال روڈ پر گزشتہ روز سے جاری احتجاج میں مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے جب کہ کسان سڑک پر بکھرے آلو ہی پکا پکا کر کھاتے رہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمیں آلو کی پیداواری لاگت بھی نہیں مل رہی ہے اور اگر حکومت کی جانب سے آلو کے نرخ نہیں بڑھائے گئے تو اراکین اسمبلی کے خلاف بھی بھرپور احتجاج کریں گے۔

کسانوں کا کہنا تھا کہ حکومت نہ تو خود ہم سے آلو خرید رہی ہے اور نہ ہی ہمیں ایکسپورٹ کرنے دے رہی ہے۔

مظاہرین اپنے احتجاج میں کھاد، بجلی اور زرعی ادویات کو سستی کرنے کا بھی مطالبہ کرتے رہے اور مطالبات پورے نہ ہونے تک واپس جانے سے انکار کر دیا تھا۔

پنجاب اسمبلی کے باہر مال روڈ پر کسانوں کی جانب سے گزشتہ روز دھرنے کا آغاز کیا گیا تھا جب کہ مظاہرین نے سخت سردی میں رات بھی کھلے آسمان تلے سڑک پر ہی گزاری۔

مال روڈ پر احتجاج کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا جب کہ ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا تھا۔


متعلقہ خبریں