ایم کیوایم کا وزیراعظم سے قانونی دفاتر کھولنے کا مطالبہ

وزیراعظم نے مردم شماری کیلیے رقم مختص کرنے کی یقین دہانی کرادی، ایم کیو ایم ذرائع

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آئندہ ماہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے اورکراچی سرکولر ریلوے کی بحالی اور اس کی تکمیل میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم دفتر میں ایم کیو ایم پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم کی نمائندگی وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم اور رکن قومی اسمبلی سید امین الحق نے کی۔

ملاقات میں وزیراعظم کی معاونت وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، معاون خصوصی نعیم الحق اور رکن قومی اسمبلی محمد عامر ڈوگر نے کی۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ جن دفاتر کے قانونی کاغذات ہمارے پاس ہیں انہیں کھولنے کی اجازت دی جائے۔

ہم نیوز کو اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے وعدہ کیا کہ وہ اس معاملے کا جائزہ لیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنی سیاسی اتحادی جماعت کے رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ سندھ کے عوام کو درپیش مسائل کا ادراک ہے اوران کے حل کے لیے وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

پاکستان تحریک انصاف اورایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقات میں دونوں جماعتوں کے مابین اتحادی امور پر غور و خوص کیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں ایک کمیٹی کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا جو صوبائی سطح پر دونوں جماعتوں کے درمیان رابطوں کو مزید بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات میں ایم کیوایم پاکستان کے وفد نے کراچی اور حیدرآباد جیسے بڑے شہروں سمیت صوبے کے دیگر مسائل بھی گوش گزار کیے اوربحیثیت جماعت اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔

 


متعلقہ خبریں