ایم کیو ایم کارکن رئیس مما پر دو مقدمات میں فرد جرم عائد


کراچی: انسداد ہشتگردی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کارکن رئیس امین عرف رئیس مما پر دو مقدمات میں فرد جرم عائد کردی ہے۔

بدھ کے روز عدالت نے رئیس مما کے خلاف 11 مقدمات کی سماعت کی۔ عدالت نے ایم کیو ایم کارکن پر دھماکہ خیز مواد اوراسلحہ برآمدگی کے مقدمات میں فرد جرم عائد کر دی ہے۔

سماعت کے دوران ملزم رئیس مما بھی عدالت میں پیش تھے۔

ہم نیوز کو موصول اطلاعات کے مطابق کمرہ عدالت میں ملزم نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔

عدالت نے سماعت 2 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے، تفتیشی افسر اور گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کیا ہے۔

پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ رئیس مما کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلہ، اسلحہ برآمدگی اور دھماکہ خیز مواد کے مقدمات درج ہیں۔

پولیس نے یہ بھی بتایا کہ رئیس مما کے خلاف تھانہ زمان ٹاؤن، کورنگی، لانڈھی، عوامی کالونی و دیگر میں مقدمات درج ہیں۔

 


متعلقہ خبریں