معطل اراکین کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا حکم



اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی نے نون لیگی رکن اسمبلی جاوید لطیف کو گوشوارے بروقت جمع نہ کرانے پر اجلاس سے نکال دیا۔

ہم نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ جاوید لطیف صاحب آپ کی رکنیت معطل ہے، آپ ایوان سے چلے جائیں، اسپیکر کی ہدایت پر جاوید لطیف ایوان سے چلے گئے۔

اسپیکر اسد قیصر نے رکن اسمبلی آفرین خان کو بھی اجلاس سے باہر جانے کی ہدایت کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس شروع کرنے سے قبل ہدایت کی تھی کی گوشوارے بروقت جمع نہ کرانے والے اراکین اسمبلی سے باہر چلے جائیں۔

گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین قومی اسمبلی کی رکنیت الیکشن کمیشن نے معطل کی تھی۔

دوسری جانب حکومتی ایم این اے آفتاب صدیقی معطل ہونے کے باوجود قومی اسمبلی اجلاس میں شریک رہے، پارلیمانی سیکرٹری آفتاب صدیقی نے نا صرف اجلاس میں شریک ہوئے بلکہ وقفہ سوالات میں حصہ بھی لیا۔

اچھے طریقے سے بات کریں، ویلکم کریں گے، شہباز شریف

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے فیصل واوڈا کے ریمارکس پر واک آؤٹ کرنے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اسپیکر صاحب آپ کی حکم عدولی نہیں کر سکتا لیکن جن صاحب نے جواب دینا تھا انہوں نے غلیظ زبان استعمال کی۔

اپوزیشن لیڈر نے دوران اجلاس اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی بنچز اپنے جواب میں جتنی بھی تنقید کریں سنیں گے۔ اچھے طریقے سے بات کریں گے تو دو قدم آگے بڑھ کر ویلکم کریں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ وہ غلیظ زبان استعمال کریں اور ہم سنتے رہیں۔

اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ میری اپوزیشن اور حکومت سے کل بات ہوئی ہے۔  پارلیمانی آداب کے اندر رہ کر بات ہو گی، دونوں جانب سے کسی بھی لیڈر کی تضحیک نہیں کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں