منی بجٹ کی حمایت نہیں کریں گے، خورشید شاہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ منی بجٹ کی کسی صورت حمایت نہیں کریں گے، حکومت بتائے پانچ ماہ میں کون سے قانون سازی کی ہے۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں موجودہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے لیکن ایسا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ یہ حکومت اپنے وزن خود ہی گر جائے گی جب کہ حکومت نے پہلے پانچ ماہ میں ہی ملک کو سات ارب ڈالر کا مقروض کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی حکومت کے قیام کی ضروت نہیں ہے اور نہ ہی ہم اس کے حامی ہیں۔ قانون ساز بیرون ملک نہیں ہیں بلکہ یہاں موجود ہیں۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ کیا وزیر اعظم عمران خان کا نام کسی ای سی ایل میں شامل ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں نہیں آتے ہیں۔ لگتا ہے کہ وہ ابھی تک کنٹینر پر ہی ہیں نیچے اتریں تو حقیقت کا پتہ چلے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت معیشت سمیت ہر شعبے میں بری طرح نا کام ہو گئی ہے جب کہ اپوزیشن اتحاد باہمی اعتماد پر قائم رہ سکتا ہے اور ہم نے مل کر چلنے کا تہیہ کیا ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات کو سندھ کے دورے سے کچھ نہیں ملا ہے اور سندھ حکومت میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور اگر وفاق نے غیر آئینی اقدام کیا تو بھر پور مزاحمت کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں