عمران خان 21 جنوری کو قطر کے دورے پر روانہ ہوں گے، دفتر خارجہ


اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان قطر کے امیر کی دعوت پر 21 جنوری کو قطر کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گے جب کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان فروری میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد پاکستان کے دورے پر ہیں اور وہ اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے جب کہ پاکستان نے طالبان امریکہ براہ راست مذاکرات کے لیے سہولت فراہم کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے سینئر امریکی ڈائریکٹر برائے جنوبی اور وسطی ایشیاء  لیزا کرٹس کی پاکستان میں موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لیزا کرٹس کا دورہ پاکستان افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ‏مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے جب کہ ‏بھارتی اشتعال انگیزیاں لائن آف کنٹرول پر بھی جاری ہیں۔ جس کے باعث شہریوں کی شہادتیں بھی ہوئی ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ پاکستان میں بارڈر ایکشن ٹیم نام کی کوئی فورس نہیں ہے جب کہ ‏بھارتی عزائم سیز فائر کی لگاتار خلاف ورزیوں سے ظاہر ہو رہے ہیں جب کہ بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں دے رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نمائندہ اقوام متحدہ کل پاکستان کے دورے پر آئیں گی جب کہ گزشتہ ہفتہ افغان وفد کی پاکستانی حکام سے ملاقات ہوئی ہے اور پاکستان افغانستان کے مسئلے کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کر رہا ہے۔


متعلقہ خبریں