زلمے خلیل زادکا دفترخارجہ کادورہ، سیکرٹری خارجہ سے ملاقات

فوٹو: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کی سیکرٹری خارجہ تہیمنہ جنجوعہ سے ملاقات


اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے پاکستان میں ملاقاتوں کا آغاز کردیا ہے۔

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے وزرات خارجہ کا دورہ کیا۔ جہاں ان کے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

بات چیت کے دوران فریقین نے ابوظہبی میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے بعد افغان مفاہمتی عمل پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

فوٹو:پاکستان اورامریکہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات

پاکستان کا چند ماہ میں دوسرے دورہ کرنے والے زلمے خلیل زاد کی پاکستان آمد کا مقصد افغانستان میں فوجی انخلا، افغان طالبان سے مذاکرات اور افغان عمل سے متعلق مشاورت کرنا ہے۔

زلمے خلیل زاد دورہ افغانستان کے بعد پاکستان پہنچے ہیں جب کہ اس سے قبل وہ چین کے دورے پر تھے۔ جہاں انہوں نے افغانستان اور چین کی قیادت سے ملاقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

امریکہ نمائندہ خصوصی کے ہمراہ امریکی ڈپٹی وزیر خارجہ ایلیس ویلز بھی موجود ہیں، دونوں نے پاکستان کی اعلی سول و عسکری قیادت سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق زلمے خلیل زاد 21 جنوری تک بھارت، چین، افغانستان اور پاکستان کے دورے پر ہیں اور چاروں ممالک کے دورہ میں مسئلہ افغانستان کے سیاسی حل کے لیے سینئرحکام سے مشاورت کر رہے ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ سال دسمبر میں بھی زلمے خلیل زاد نےپاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے دوران انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرکے افغان مفاہمتی عمل اور طالبان کے ساتھ مذاکرات سے متعلق تبادلہ خیال کیا تھا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو ایک خط لکھ کر طالبان کو مذاکرات کی میز پرلانے اور افغان امن عمل میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔


متعلقہ خبریں