آخری دم تک انصاف کے لیے لڑوں گا، جسٹس آصف کھوسہ

جسٹس آصف سعید کھوسہ نےبطور چیف جسٹس پاکستان حلف اٹھا لیا | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ میری رگوں میں بلوچ خون دوڑ رہا ہے اور میں آخری دم تک انصاف کے لیے لڑوں گا۔

اسلام آباد میں فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں بطور چیف جسٹس انصاف کی فراہمی میں تعطل کو دور کرنے کی پوری کوشش کروں گا اورعرصہ دراز سے زیر التواء مقدمات کا قرض اتاروں گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت عدالتوں میں 19 لاکھ کیسز زیر التواء ہیں۔ 3 ہزار ججز 19 لاکھ مقدمات نہیں نمٹا سکتے۔

اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ماتحت عدلیہ میں برسوں سے زیر التواء مقدمات کے جلد تصفیہ کی کوشش کی جائے گی اورغیر ضروری التواء کو روکنے کے لیے جدید آلات کا استعمال کیا جائے گا۔

ملٹری کورٹس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ملٹری کورٹس میں سویلین کا ٹرائل ساری دنیا میں غلط سمجھا جاتا ہے، کہا جاتا ہے کہ فوجی عدالتوں میں جلد فیصلے ہوتے ہیں۔ ہم کوشش کریں کے سول عدالتوں میں مقدمات پر جلد فیصلے ہوں۔

جسٹس آصف کھوسہ نے کہا کہ ہائی کورٹ کو چاہیئے اپنے اختیارات حدود کے اندر رہ کر استعمال کریں۔ اس کے علاوہ سو موٹو کا اختیار بہت کم استعمال کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے ادوار میں ریاستی اداروں کے درمیاں عدم اعتماد کی فضا پیدا ہوئی لیکن ملک کی ترقی کے لیے تمام اداروں کو مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں بات کرنی چاہیے کہ کس ادارے نے کہاں دوسرے کے کام میں مداخلت کی۔ فوج اور حساس اداروں کا سویلین معاملات میں کوئی دخل نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ مقننہ کی ذمہ داری ترقیاتی فنڈز دینا اور ٹرانسفر پوسٹنگ کی نہیں بلکہ قانون  سازی کی ہے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں ان کے ساتھ پچھلے 20 سال سے ہوں، ہم ایک ساتھ لاہور ہائی کورٹ کے جج بنے۔ ہم دونوں بچوں کی طرح ایک ساتھ جڑے ہوئے ہیں لیکن آج الگ ہو جائیں گے۔

چیف جسٹس کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جسٹس ثاقب نثار نے بہت مشکل حالات میں عدالت چلائی۔ انہوں نے  نے سیاسی، سماجی ، معاشرتی اور آئینی سمیت بہت سی مشکلات کا سامنا کیا۔ ان کی انسانی حقوق کے حوالے سے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ میں بھی ان کی طرح  ڈیم کی تعمیر اور ملک کا قرضہ اتارنا چاہتا ہوں۔


متعلقہ خبریں