نواز شریف اب بھی وزیر اعظم ہیں، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

فوٹو: فائل


لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت سے لاہور ہائی کورٹ کے جج نے معذرت کر لی۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ نواز شریف اب بھی وزیر اعظم ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نواز شریف کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے خلاف درخواست ذاتی وجوہات کی بنا پر سننے سے معذرت کی۔

ہم نیوز کے مطابق شہری غلام یاسین بھٹی نے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن، اسپیکر قومی اسمبلی اور نواز شریف کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے 28 جولائی کو غیر قانونی طور پر نواز شریف کو ڈی نوٹیفائی کیا جب کہ آئین کے آرٹیکل 95 اے کے تحت وزیر اعظم کو صرف عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے ہی ہٹایا جا سکتا ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ نواز شریف کو عوام اور اراکین قومی اسمبلی نے اپنے ووٹوں سے وزیراعظم منتخب کیا۔

غلام یاسین بھٹی نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کے 28 جولائی کے نواز شریف کی اہلیت سے متعلق نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ نواز شریف اس وقت بھی وزیر اعظم ہیں اور کیس کے فیصلے تک الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو معطل قرار دیا جائے۔


متعلقہ خبریں