فیس بک کی غلط مواد پر مبنی روسی مہم کی نشاندہی


لندن: فیس بک نے  روس کی جانب سے چلائی جانے والی دو ایسی مہم کی نشاندہی کی ہے جو غلط مواد پر مبنی ہیں اور اس کے ذریعے افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔

فیس بک ٹیم کا کہنا ہے کہ  روس ان دونوں مہم کے ذریعے افواہیں پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مہم ’کریملن‘ کی ایک ایجنسی کے کنٹرول میں تھی جو یورپ اور ایشیا کے فیس بک صارفین کو نشانہ بناتی تھی۔

500 گمراہ کن مواد پھیلانے والے صفحات اور اکاؤنٹس بلاک کیے، فیس بک ٹیم 

فیس بک کے مطابق ایسے جعلی اکاؤنٹس کے خلاف تحقیقات کے دوران تقریباً 500 ایسے صفحات اور اکاؤنٹس بلاک کیے گئے ہیں جو گمراہ کن مواد پھیلا رہے تھے۔ بنیادی طور پر یہ پیج موسم، سفر اور کھیل جیسے موضوعات پر معلومات اور خبروں کے غلط استعمال کے لیے کوشاں تھے۔

فیس بک کے مطابق تفتیش سے یہ بات سامنے آئی کہ  یہ صفحات ’سپٹنیک‘ سے تعلق رکھنے والے ملازمین سے منسلک ہیں۔

سپٹنیک، روسی حکومت کے ماتحت کام کرنے والی ایک ایجنسی ہے جو ماسکو اور روس کی حکومت سے متعلق مثبت تاثر پھیلاتی تھی اور اس کے قیام کا کا بنیادی مقصد بھی یہی تھا۔

 

واضح رہے فیس بک پر اس قسم کے غلط مواد کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کارروائی تیز کرنے پر زور دیا جارہا ہے، جس کا مقصد انتشار، تقسیم اور اختلاف کے جذبات ابھارنا ہو۔

فیس بک کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر مارک زکربرگ نے اس بارے میں بتایا کہ کمپنی نے ترجیحی بنیادوں پر مشکوک سرگرمیوں کے حامل اکاؤنٹس کی نشاندہی کرلی ہے تاہم یہ ایک مشکل کام ہے کیونکہ دو بلین سے زائد صارفین پر مشتمل ایپلیکیشن میں افواہیں پھیلانے والی مہم کو پکڑنا آسان نہیں۔

فیس بک کے ڈائریکٹر سائبر سیکیورٹی کا کہنا تھا کہ ہم مستقل طور پر اپنے صارفین کو کسی بھی قسم کی مشکل اور بدنامی سے بچانے کے لیے اشتعال انگیزی پھیلانے والے ایسے عوامل کو روکنے پر کام کررہے ہیں۔

مشرقی یورپ کے 13 ممالک میں ایک ایسی مہم چلائی جا رہی تھی،فیس بک 

فیس بک ٹیم نے بتایا کہ ایشیا اور مشرقی یورپ کے 13 ممالک میں ایک ایسی مہم چلائی جا رہی تھی جس کے بنانے والوں نے 2013 سے اب تک 135،000 ڈالرز کی رقم صرف اشتہارات پرخرچ کی تاہم اس سے منسلک 289 فیس بک پیجز اور 75 اکاؤنٹس مکمل طور پر بلاک کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ تقریباً 790،000 صارفین ان جعلی اکاؤنٹس کی پیروی کر رہے تھے اور 1200 افراد نے اس سے منسلک 190 تقریبات میں شرکت پر دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔

یوکرین سے چلائی جانےوالی مہم کا نشانہ امریکی وسط مدتی انتخابات تھے،فیس بک 

اس کے علاوہ امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے فیس بک نے ایسی سرگرمیوں کی بھی نشاندہی کی ہے جو یوکرین  سے چلائی جا رہی تھیں اور اس سے یوکرین کے صارفین کو بھی نشانہ بنایا جا رہا تھا۔
فیس بک کا کہنا ہے کہ یہ مہم روسی انٹرنیٹ ریسرچ ایجنسی کی مدد سے چلائی گئی جس کا مقصد امریکا میں آئندہ  وسط مدتی انتخابات کو متاثر کرنا تھا۔
یوکرین سے چلائی جانے والی اس مہم میں نہ صرف 107 فیس بک پیجز، گروپس، اکاؤنٹس بلکہ 41 انسٹاگرام اکاؤنٹس بھی اشتعال انگیز مواد پھیلانے میں سرگرم تھے۔

متعلقہ خبریں