سندھ میں سال کی پہلی انسداد پولیو مہم کا آغاز


کراچی: وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے صوبے میں رواں سال کی پہلی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔

وزیر صحت کے مطابق مہم پیر سے شروع ہوگی جس میں صوبے بھر کے 90 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے نالوں میں ابھی بھی پولیو وائرس موجود ہے۔

عذرا پیچوہو نے بتایا کہ گزشتہ سال پولیو کے قطرے نہ پلانے والے انکاری والدین کو سمجھانے کے لیے نئی حکمت عملی بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال پولیو کی 98 فیصد کوریج رہی۔

وزیر صحت نے قومی ادارہ صحت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ویکسین بنائے کیونکہ ان کہ پاس اسطاعت نہیں کہ وہ اتنی بڑی تعداد میں ویکسین بنا سکیں۔  ربیز کی ویکسین چین سے منگوائی جاتی تھی جس کی امپورٹ چین بند کر دی ہے۔

واضح رہے کچھ روز قبل ہی پاکستان میں انسداد پولیو پروگرام کے ترجمان بابر بن عطا نے انکشاف کیا تھا کہ ملک کے  آٹھ بڑے شہروں کے گٹر کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جن میں کراچی، پشاور، بنوں، لاہور، راولپنڈی، قلعہ عبداللہ، پشین اورکوئٹہ شامل ہیں۔

بابر بن عطا کا کہنا تھا کہ گٹر کے پانی میں وائرس کی تصدیق نشاندہی کرتی ہے کہ بچوں کو پولیو کا خطرہ ابھی بھی مو جود ہے۔

لاہورسمیت پاکستان بھر میں 21 جنوری سے انسداد پولیو مہم شروع  ہوگی

لاہور شہر میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد ایک بار پھر پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ مہم پنجاب سمیت پورے پاکستان میں چلائی جائے گی جو پانچ روز پر محیط ہوگی اور 21 جنوری سے شروع کی جائے گی۔

مہم میں پنجاب کے1کروڑ نوے لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔ پانچ روزہ پولیو مہم میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ پنجاب میں پولیو کے قطرے پلانے کے لیے اڑتالیس ہزار ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

پولیو مہم کا آغاز آؤٹ فال روڈ اور ملتان روڈ کے سیورج کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں