نامور اداکار گلاب چانڈیو انتقال کرگئے

فائل:فوٹو


کراچی: ملک کے معروف اداکار گلاب چانڈیو طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق منفی کرداروں سے اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والے گلاب چانڈیو کافی عرصے سے دل اور شوگرکے مرض میں مبتلا تھے۔

ان کی حالت زیادہ خراب ہونے پر دو روز قبل انہیں نجی اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں ان کی حالت نہ سنبھل سکی اور خالق حقیقی سے جاملے۔

گلاب چانڈیو کی تدفین نوابشاہ میں ان کے آبائی علاقے میں کی جائے گی۔

گلاب چانڈیو ڈراموں میں منفی کرداروں میں اپنے مکالمات کی ادائیگی کی وجہ سے معروف تھے۔ انہوں نے 300 سے زائد اردو سندھی ڈراموں اور چھ فلموں میں کام کیا۔

گلاب چانڈیو کے مشہور ڈراموں میں سچائیاں،بے وفائیاں، ماروی، نوری جام تماچی شامل ہیں جبکہ انہیں سب سے زیادہ  شہرت ڈرامے چاند گرہن سے ملی جس میں انہوں نے سندھی وڈیرے کا کردار نبھایا اور سب کواداکاری کے گن گانے پر مجبور کیا۔

سندھی اداکار کی خدمات کا اعتراف حکومت پاکستان نے بھی کیا اور انہیں 14 اگست 2015 کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

گلاب چانڈیوسیاست سے بھی دلچسپی رکھتے تھے، انہوں نے 2014 میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔


متعلقہ خبریں