حکومت مہمند ڈیم کی دوبارہ بڈنگ کرائے، اپوزیشن کا مطالبہ



اسلام آباد: پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور سابق وفاقی وزیر نے حکومت سے مہمند ڈیم کی تعمیر کوتاخیرسے بچانے کے لیے دوبارہ بڈنگ کا مطالبہ کردیا ہے۔

پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمرعباس سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا کہ تحریک انصاف کی کارکردگی انتہائی ناقص ہے، عوام کے لیے مہنگائی بہت زیادہ ہوگئی ہے۔ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا کہ ملک میں چند ماہ میں اتنی مہنگائی کی گئی ہو، انہوں نے بحران پر قابو پانے کے وعدے کررکھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مینڈیٹ کے ساتھ یہ پانچ سال جنوبی پنجاب صوبہ نہیں بناسکتے، جلد خسروبختیارگروپ میں بھی بے چینی نظر آئے گی۔

شہلا رضا نے کہا کہ حکومت کو مہمند ڈیم کے لیے دوبارہ ٹینڈرجاری کرنا ہوگا کیونکہ اس سے ڈیم کا معاملہ متنازع ہورہا ہے۔

حکومت کی بری کارکردگی کے ذمہ دارعمران خان ہیں، رانا افضل 

مسلم لیگ ن کے رانا افضل کا کہنا تھا کہ نیب، حکومتی اداروں اور وزراء کی جارحیت سے سرمایہ کار کا اعتماد اٹھ گیا ہے۔ اپنی معیشت سے 50ارب روپے نکل چکے ہیں۔ یہ سارے سوال عمران خان کی قیادت پر اٹھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیم کا معاملہ اہم ہے، کنسلٹسٹ کو فیصلے کا اختیاردے دینا چاہیے کہ اس سے معاملہ تاخیرکاشکار ہورہا ہے، اسے تنازع سے بچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

رانا افضل نے کہا کہ چیف جسٹس نے پاکستان کے بنیادی مسائل کی نشاندہی کی ہے، یہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، یہ اداروں کے لیے انتہائی ضرورت ہے۔

وزراء کو نوکری پہلے ملی،اب وہ کام سیکھ رہے ہیں، شیخ وقاص اکرم

سابق وفاقی وزیرشیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ کسی بھی حکومت کے ابتداء میں غیریقینی صورتحال رہتی ہے۔ اتحادیوں کو ساتھ لے کرچلنا آسان کام نہیں ہے۔ لیکن جہاں عثمان بزدار وزیراعلی پنجاب ہوں گے تو یہ نظام زیادہ نہیں چل سکتا۔ حکومت کے جانے کے آثارواضح ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کے وزراء کام نہیں کررہے، اسلیے انہوں نے اپنا رویہ جارحانہ رکھا ہوا ہے، انہیں نوکری پہلے ملی ہے اور اب یہ کام سیکھ رہے ہیں لیکن یہ لوگ انتہائی نااہل ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ اگر حکومت نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے تو ایک پارلیمانی کمیٹی سے رپورٹ لینے میں کیا حرج ہے۔ نئے پاکستان کا دعوی کرنے والے اب کچھ الگ بھی کرکے دکھا دیں۔

حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، ہم پانچ سال پورے کریں گے، ریاض فتیانہ

تحریک انصاف کے رہنما ریاض فیتانہ کا کہنا تھا کہ تسلیم کرتا ہوں کہ ملک میں معیشت کے حالات بہت اچھے نہیں لیکن بہت برے بھی نہیں ہیں۔ آج ملک کی معیشت کے اس حال کی وجہ سابقہ حکومتیں ہیں، ہم نظام میں خامیاں، کرپشن روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کے درمیان شکایات ہوتی رہتی ہیں، تحریک انصاف حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، 2023 کو الیکشن ہوگا اور تب تک ہماری حکومت ہی رہے گی۔

ریاض فتیانہ نے کہا کہ مہمند ڈیم کے معاملے پر کوئی غیرقانونی کام نہیں ہوا، اگر کوئی قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو عدالتیں موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومتی اداروں میں تعاون بڑھے گا تو اس سے عوام کا فائدہ ہوگا، حکومت چیف جسٹس کے اس پیشکش کو خوش آئند کہے گی۔


متعلقہ خبریں