حفیظ، امام کی بدولت پاکستان پہلے ون ڈے میں کامیاب

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی—تصویر بشکریہ پی سی بی۔


پورٹ الزبتھ : تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ اور اوپنر امام الحق کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی سبقت حاصل کرلی۔

پورٹ الزبتھ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ہاشم آملہ کی سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا۔

میزبان ٹیم کی جانب سے اننگ کے آغاز کے لیے ریزا ہنڈریکس اور ہاشم آملہ میدان میں اترے جنہوں نے ٹیم کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 82 کے مجموعی اسکور پر ریزا ہینڈرکس کی صورت میں گری، انہوں نے 45 رنز بنائے۔

اس کے بعد ہاشم آملہ اور راسی ون ڈر ڈوسن کے درمیان 155 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی، ڈوسن نے 93 رنز بنائے۔

اختتامی اوورز میں پاکستان کی نپی تلی گیند بازی کی ہدولت جنوبی افریقہ زیادہ رنز نہ بناسکی اور صرف دو وکٹوں کے نقصان کے باوجود میزبان ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 266 رنز تک محدود رہی۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پاکستان کی جانب سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا اور پاکستان نے میچ ایک اوور قبل اپنے نام کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کو اوپنرز کی جانب سے شاندار آغاز فراہم کیا گیا۔ فخر زمان 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم امام الحق کا بلہ رنز اگلتا رہا۔

امام الحق نے 86 رنز بنائے جبکہ حفیظ 71 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بابر اعظم نے بھی 49 رنز کی اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے الیویئر نے دو جبکہ عمران طاہر پہلوکیو اور ہنڈرکس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستانی ٹیم سرفراز احمد(کپتان)، امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، شاداب خان، عماد وسیم، فہیم اشرف، حسن علی اور عثمان شنواری پر مشتمل تھی۔

جنوبی افریقی ٹیم کی کپتانی فاف ڈپویلسی کررہے ہیں جنکہ دیگر کھلاڑیوں میں ریزا ہینڈرکس، ریسی وین در دوسن، ڈیوڈ ملر، ایندائل فلکوایو، ہنری کلاسن، کگیسو ربادا، ڈیوین پریٹوریس، عمران طاہر اور دوان اولیویئر شامل تھے۔

دوسرا ون ڈے میچ 22 جنوری کو کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں