اداکار نوید رضا ماہرہ خان، ایمان علی کیساتھ کام کرنے کے خواہشمند


کراچی: معروف ٹیلی ویژن اداکار نوید رضا نے کہا ہے کہ وی جے سے اداکار بننے تک کے سفر میں انہیں بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ہم نیوز کے پروگرام “کور پیج” میں میزبان عامرہ قاضی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے ابھی بھی بہت مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اداکاری کرنا کوئی آسان کام نہیں، اکثر سمجھ نہیں آتا کہ کون سا کام کرنا چاہیئے اور کون سا نہیں۔

ان کے مطابق اداکاری شروع کرنا ایک آسان کام ہے لیکن اسے برقرار رکھنا بہت زیادہ مشکل ہے۔

اپنی فٹنس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میری فٹنس کا راز میرے ٹرینر اور جم ہیں۔ میں روز صبح اٹھ کر بلیک کافی پیتا ہوں جس کے فوراً بعد جم کا رخ کر لیتا ہوں۔

ساتھی اداکار فیصل قریشی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نوید نے بتایا کہ میں انہیں بہت اچھی طرح جانتا ہوں، وہ میرے لیے ایک منیٹور اور استاد کی حیثیت رکھتے ہیں۔

نوید رضا کا کہنا تھا کہ ان کے لیے ان کی فیملی بہت اہمیت کی حامل ہے، وہ کام سے فارغ ہونے کے بعد فوراً گھر جانا پسند کرتے ہیں، دوستوں کے ساتھ باہر جانے کے بجائے وہ گھر والوں کے ساتھ وقت گزارنے کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معروف اداکارہ ایمان علی انہیں بہت پسند ہیں۔ انڈسٹری میں ایمان علی، فیصل قریشی، ماہرہ خان اور فواد خان کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب وہ خوش ہوتے ہیں تو اپنے دوستوں یا گھر والوں کے ساتھ کسی اچھی جگہ کھانا کھانے چلے جاتے ہیں۔

اپنے مداحوں کے لیے پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بہت محنت سے کام کرتے ہیں اس لیے اگر دیکھنے والوں کو کبھی کوئی چیز پسند نہ آئے تو نظر اندار کرتے ہوئے ہمیشہ اپنی محبت سے ہمیں نوازتے رہیں۔


متعلقہ خبریں